عمران کو شرم آتی ہے نہ ہدایت، ہمیشہ روتے وزیراعظم سرخرو ہوتے رہیں گے: مریم اورنگزیب
راولپنڈی (آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے جے آئی ٹی میں وزیراعظم نوازشریف کو جواب دینا ہے لیکن رو عمران خان رہا ہے ،عمران خان کو پانامہ لیکس میں سیاسی بیساکھی ملی، قیامت کی نشانیاں ہیں آصف زرداری جیسے کرپٹ لوگ بھی نوازشریف کو چور کہہ رہے ہیں ، پیپلزپارٹی کی کرپشن کا گند ابھی تک مسلم لیگ (ن) صاف کررہی ہے ، پیپلزپارٹی کراچی سے کچرا اٹھا لے تو یہ بھی ان کے لئے بہت بڑی بات ہو گی۔ نجی سکول میں کھیلوں کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران خان جیسے نادان لوگ بار بار غلطی کے بعد بھی نہیں سیکھتے۔ انہوں نے کہاسپریم کورٹ نے تینوں درخواست گزاروں کے موقف کو مسترد کرکے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا اور وزیراعظم اور ان کا خاندان عدالت میں سرخرو ہوئے ہیں لیکن عمران خان پھر قوم کے سامنے شرمندہ منہ لے کر نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں پوری قوم حیران ہے کہ نوازشریف جے آئی ٹی میں جواب دینگے مگر تکلیف تحریک انصاف کو ہورہی ہے۔ انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گزشتہ روز آصف زرداری نے کہا حکومت نے نہ بجلی دی اور نہ ہی پانی دیا لیکن وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو سی پیک جیسا بڑا منصوبہ دیا اور پچھلے تین برسوں میں مسلم لیگ (ن) نے جو بجلی کے منصوبے لگائے ہیں وہ پاکستان کی ستر سالہ تاریخ میں نہیں لگائے گئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا اعتزاز احسن نے ایک انتہائی قابل فخر قومی ادارے کیخلاف بیان دیا جس پر پوری قوم کو مایوسی ہوئی ۔ اعتزاز احسن کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں کیونکہ افواج پاکستان سمیت تمام قانون نافذ کرنیوالے ادارے پاکستان کا فخر۔ انہوں نے کہا قطری خط مسترد نہیں ہوا بلکہ اسے جے آئی ٹی میں تحقیقات کے لئے دستاویز کے طور پر لیا گیا ہے حالانکہ عمران خان جیسے لوگوں نے نیٹ سے اٹھائے ہوئے جعلی ڈاکومنٹ سپریم کورٹ میں دیئے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران خان مٹھائیاں بھی کھا رہے ہیں اور جے آئی ٹی کو تسلیم بھی نہیں کر رہے۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟ زرداری صاحب کے جلسے میں شریک لوگوں کی تعداد سے زیادہ لوگ تو کسی بھی ولیمے کی تقریب میںہوتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے، وزیراعظم مرد آہن ہیں، مشکل حالات سے نبرد آزما ہوتے آئے ہیں، پی ٹی آئی نے فرسودہ اور بے بنیاد الزامات پر پانامہ کیس لڑا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی ہیجان میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا قبل از وقت انتخابات کا امکان نہیں اور مسلم لیگ ن کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان کے دادو میں خطاب پر ردعمل میں کہا ہے خان صاحب! کس منہ سے جلسوں میں خالی کرسیوں سے خطاب کرتے ہیں خان صاحب عوام کو بیوقوف بنانا چھوڑ دیں افسوس کی بات ہے کہ آپ کو شرم آتی ہے نہ ہدایت۔ خان صاحب آپ ہمیشہ روتے رہیں گے وزیراعظم اسی طرح سرخرو ہوتے رہیں گے کیونکہ یہ نصیب کی بات ہے۔