• news

سرکاری اداروں،کارپوریشنوں نے 2 ہفتوں میں 72 ارب سے زائد ریکارڈ قرضہ لیا

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت کے بعد سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بھی بینکوں سے قرضے لینے کا ریکارڈ قائم کر دیاہے اور دو ہفتوں کے دوران 72 ارب روپے سے زائد کے قرضے لیے گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بینکوں سے مجموعی طور پر 72 ارب 88 کروڑ 50 لاکھ روپے کے نئے قرضے لیے جس کے باعث رواں مالی سال کے دوران اب تک واپڈا، پی آئی اے، او جی ڈی سی اور دوسرے سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کی طرف سے مجموعی طور پر لیے گئے قرضے 201 ارب 33 کروڑ 60 لاکھ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ نئے قرضوں کے باعث مقامی بینکوں سے لیے گئے ان کے قرضوں کا حجم نو ماہ کے دوران 35 فیصد بڑھ گیاہے۔ مالی سال کے آغاز پر سرکاری ادارے اور کارپوریشنیں مقامی بینکوں کی 568 ارب 6 کروڑ روپے کی مقروض تھیںاور اب نئے قرضوں کے بعد ان کے اندرونی قرضوں کا حجم 769 ارب 39 کروڑ 30 لاکھ روپے تک پہنچ گیاہے۔ واضح رہے کہ اندرونی قرضوں کے علاوہ سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کے بیرونی قرضوں کا حجم بھی 300 ارب روپے کے قریب ہے۔

قرضے ریکارڈ

ای پیپر-دی نیشن