• news

27 دن میں زندہ مرغی 32‘ گوشت 46 روپے کلو‘ فارمی انڈے 9 روپے درجن سستے

لاہور (کامرس رپورٹر + این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ 27 دنوں کے دوران پرچون سطح پر زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 32 روپے‘ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 46 روپے اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 9 روپے کمی ہوئی ہے۔ پولٹری کا کاروبار کرنے والوں کے مطابق زندہ برائلر مرغی‘ اس کے گوشت اور انڈوں کی قیمت میں کمی کی وجہ طلب کے مقابلے میں رسد کا زیادہ ہونا ہے۔ گزشتہ ماہ 27 مارچ کو زندہ برائلر مرغی کی قیمت 182 روپے تھی۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 264 روپے اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 84 روپے تھی جبکہ 22 اپریل کو زندہ برائلر مرغی کی قیمت 150 روپے‘ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 218 روپے اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 75 روپے ہو گئی ہے۔ آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مطابق پولٹری مصنوعات کی طلب میں کمی اور سپلائی میں اضافہ ہونے سے اس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔ ترجمان پولٹری ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ لاہور میں زندہ مرغی 25 روپے کی کمی سے 160 روپے فی کلو گرام اور گوشت 50 روپے کلو تک سستا ہوکر 265 روپے کلو ہو گیا ہے۔ کراچی میں زندہ مرغی 30 روپے فی کلو کی کمی سے 176 روپے فی کلوگرام ہو گئی اور گوشت 60 روپے سستا ہوکر 290 روپے کلو ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں انڈے 7 روپے کی کمی سے 76 روپے درجن ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن