• news

وزیراعظم صادق‘ امین نہیں گھر جانا پڑے گا‘ زرداری نے ایک لاکھ ایکڑ زمین پر قبضہ کیا: عمران

دادو (آن لائن+ صباح نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے تمام جماعتوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کرنیوالی ’’جے آئی ٹی‘‘ کو مسترد کردیا ہے۔ وزیراعظم چور ہیں اور انہیں ہرحال میں گھر جانا پڑیگا، 28 اپریل کے جلسے میں وزیراعظم پر استعفے دینے کے حوالے سے دبائو ڈالیں گے۔ دادو میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری دونوں کرپٹ ہیں لیکن ان میں ایک منافق اور دوسرا ڈنکے کی چوٹ پر چوری کرتا ہے۔ زرداری نے پاکستان کا پیسہ چرایا اور نوازشریف کے بعد اب اسکی باری ہے۔ ملک کو تباہ کرنے میں آصف زرداری اور نوازشریف کا ہاتھ ہے جو 30 برسوں سے باریاں لے رہے ہیں اور ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ 30 سال سے ملک کو لوٹا جارہا ہے، جو لوگ مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں وہ بیوقوف ہیں۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے ہیں ملک میں کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں۔ ایسے میں جے آئی ٹی جو وزیراعظم کے نیچے ہے وہ آخر کس طرح نوازشریف کیخلاف تحقیقات کریگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا مہذب معاشرے میں ٹرین حادثے پر وزیر مستعفی ہوجاتے ہیں مگر یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے کوئی اپنی غلطی تسلیم ہی نہیں کرتا۔ عدالت نے قطری شہزادے کے خط کو مستردکر دیا۔ انہوں نے کہا سندھ میں دیر سے آیا ہوں، بڑا جلسہ کریں گے قوم کو بیدارکرنے کیلئے تحریک کاآغاز کر دیا ہے۔ 28اپریل بروز جمعہ کو اسلام آباد میں ایک بہت بڑا جلسہ کرینگے جس میں وزیراعظم نوازشریف پر دبائو ڈالیں گے وہ مستعفی ہو جائیں۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی منی ٹریل بھی مسترد کردی گئی۔ عدالت نے کہا وزیراعظم صادق اور امین نہیں پھر بھی مٹھائیاں بانٹ رہے ہیں۔ نوازشریف میں شرم ہوتی تو مستعفی ہوجاتے۔ انہوں نے کہا زرداری اقتدار سے پہلے کیا تھے او ر اب اربوں کے مالک بن گئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے سندھ میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ 15 شوگر ملز کے مالک نہیں اور اربوں ڈالرز کی جائیداد باہر پڑی ہے یہ سارا پاکستان کا پیسہ ہے جو چوری کیا ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن