بارش : چھتیں‘ آسمانی بجلی گرنے سے ماں‘ بیٹی ‘2 نواسوں سمیت مزید8 ہلاک‘ 10 زخمی
لاہور/ کامونکے (سپورٹس رپورٹر + نامہ نگاروں سے) لاہور سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ چھتیں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں، ایک خاندان کے 4 افراد سمیت 8 شہری جاں بحق، 10 زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد، قصور، ننکانہ صاحب، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، ساہیوال سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں بھی تیز ہوائوں کیساتھ بارش ہوتی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہیگا۔ خیبر ایجنسی میں دو روز سے جاری بارش اور ژالہ باری سے ندی نالے بپھر گئے۔ ریلوں نے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم کر دیا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ گلگت، کوہستان اور خنجراب بارڈر پر بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم دونوں اطراف سے بند ہو گئی اور کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق بارش اور آندھی کے دوران محلہ سلامت پورہ کے محنت کش عاشق مسیح کے اہل خانہ سوئے ہوئے تھے رات اچانک بوسیدہ چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر عاشق مسیح کے دو نواسے تین سالہ سلیمان اور ذیشان موقع پر ہی دم توڑ گئے، اس کی اہلیہ ساٹھ سالہ نذیراں بی بی اور اسکی بیٹی اٹھائیس سالہ آسیہ بی بی سول ہسپتال کامونکے میں پہنچ کر جاں بحق ہو گئیں۔ اُسکی نواسی 6سالہ آمنہ بی بی بھی زخمی ہوئی۔ متوفی آسیہ بی بی زوجہ عمران مسیح راولپنڈی سے ایسٹر کے موقع پر اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی۔ المناک واقعہ کی خبر ملتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئی، گھر کے چار افراد کی ہلاکت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ستیانہ کے چک نمبر89خان پور میں آندھی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 20سالہ نوجوان زوہیب ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔ لالیاں سے نامہ نگار کے مطابق شمالی چک میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک خاتون ستاں بی بی جاں بحق ہوگئی۔ مانگٹانوالہ اور موڑ کھنڈا سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں ماسوشریف کا پھول محمد دودھی شام کے وقت اپنے بیٹے کے ساتھ کھیتوں میں گندم اکٹھی کررہا تھا اچانک آسمانی بجلی گر گئی جس سے پھول محمد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ بیٹا بچ گیا۔ کمالیہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور گلیوں میں کیچڑ اور پھسلن سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جکھڑ میں تیز موسلادھار بارش سے علاقہ ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگا۔ متعدد درخت زمیں بوس ہو گئے۔ موٹر سائیکل رکشہ پر 710 گ ب روڈ پر درخت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔ ساہیوال میں تیز آندھی‘ ژالہ باری و بارش کے باعث کئی درخت اکھڑ گئے اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ چند منٹوں کی ژالہ باری و بارش سے سرکاری دفاتر بھی پانی میں ڈوب گئے۔ کھیتوں میں کٹائی کے لئے تیار کھڑی گندم کی فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ بعض مقامات پر بجلی اور ٹیلی فون کے تار بھی ٹوٹ کر گر پڑے۔ ننکانہ صاحب اور اس کے گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے گندم کی کٹائی کا عمل تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔ سرائے مغل،بھائی پھیرواور پتوکی کے نواحی گائوں میں بارش اور ژالہ باری نے گندم اور سبزیوں کو نقصان پہنچایا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق محمد خاور اور اسکا بھائی محمد وارث بیوی نیراہ، 10سالہ شاہ زین، 7سالہ ماہین اور 3 سالہ اذن کے ہمراہ سوئے ہوئے تھے کہ کمرے کی چھت جو خستہ حالت تھی ان کے اوپر گر گئی چھت گرنے سے سبھی نیچے دب گئے۔ اور سب معجزانہ طور پر معمولی زخمی ہوئے۔ سرائے عالمگیر سے نامہ نگار کے مطابق آسمانی بجلی شہر میں ایک مکان پر گرگئی اور عمارت کی تیسری منزل کی پختہ اینٹوں سے بنی دیوار کو ریزہ ریزہ اور گھر تمام برقی آلات ناکارہ بنا دئیے۔ تیسری منزل پر تین فٹ کے فاصلے پر کھڑے مالک مکان علی کو اللہ کریم نے معجزاتی طور پر محفوظ رکھا۔ سپورٹس رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران خیبر پی کے، اسلام آباد، پنجاب، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ پاکپتن/ عارفوالا/ قبولہ سے نامہ نگاران کے مطابق نواحی گائوں 45.EB کا محمد ناصر ڈوگر گودام کے اندر گندم اکٹھی کر رہا تھا کہ بارش سے گودام کی چھت گرنے سے ملبے کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیا۔