• news

ورلڈ کرکٹ لیگ ریجنل کوالیفائر‘سعودی عرب نے چین کو 390رنز سے شکست دیدی

بنکاک (سپورٹس ڈیسک) تھائی لینڈ میں ورلڈ کرکٹ لیگ ریجنل کوالیفائر کے ایک میچ میں سعودی عرب نے چین کے خلاف 50 اوورز میں 418 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا جس کے بعد چینی ٹیم بیٹنگ کیلئے میدان میں آئی تو صرف 12.4 اوورز میں محض 28 سکور بنا کر آوٹ ہو گئی۔ چینی ٹیم کا مجموعہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم مجموعے 35 رنز سے سے صرف 7 سکور کم رہا جو 2014ءمیں زمبابوے نے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔ شمالی تھائی لینڈ کے شہر شیانگ مائی میں کھیلے جا رہے اس ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔جو ورلڈکپ 2023ءمیں کوالیفائی کرنے کی جانب پہلا قدم بھی ہے۔ محمد افضل نے 91 گیندوں پر 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سنچری بنائی جبکہ شاہ زیب رشید نے 50 رنز بنائے۔کپتان شعیب علی کی دھواں دار اننگزنے مجموعی سکور 400 سے اوپر پہنچا دیا۔ انہوں نے 24 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ ابرار الحق نے 8 رنز کے عوض 3 وکٹیں، عمران عارف نے صرف 2 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شہباز رشید نے ہیٹ ٹرک کے ذریعے ٹیم کو فتح دلائی۔شہباز رشید کے پاس 4 گیندوں پر مسلسل 4 وکٹیں حاصل کرنے کا موقع بھی تھا تاہم چینی ٹیم کے گیارہویں بلے باز جیانگ شوآ نے زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ نہ کی۔

ای پیپر-دی نیشن