• news

سپریم کورٹ کے فیصلہ نے ”نئے پاکستان“ کی بنیاد رکھ دی: ترجمان تحریک انصاف

اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے اعلانات کا خیر مقدم کرتی ہے اور وزیراعظم کیخلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک گیر کر نے کیلئے بار قیادت سے اعلی ترین سطح پر رابطوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کیخلاف احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک گیر سطح تک بڑھایا جائے گا ،وکلا کے ساتھ اساتذہ، طلبہ، تاجر، مزدور اور ڈاکٹرز سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کو متحرک کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلے کے بعد نواز شریف کے پاس وزارت عظمی پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں اور وزیر اعظم ضد اور ہٹ دھرمی سے نہیں اخلاقی برتری اور عوام کی منشا سے حکومت چلاتا ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے جبکہ عدلیہ بحالی کی طرح اب اداروں کی کرپٹ اشرافیہ کے چنگل سے آزادی کی تحریک کا آغاز ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب، ایف آئی اے، اسٹیٹ بنک، ایس ای سی پی سمیت تمام ریاستی اداروں پر سے مجرم ہٹا کر دیانتدار افسران بٹھانا ہوں گے۔
ترجمان تحریک انصاف

ای پیپر-دی نیشن