• news

ایان سے ہمارا نہیں زرداری کا رشتہ ہے، عمران غلطیوں پر معافی مانگیں: حنیف عباسی

راولپنڈی (اے این این+ آئی این این) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے مولابخش چانڈیو پر واضح کیا ہے کہ ایان علی سے ہمارا نہیں آصف زرداری کا رشتہ ہے، سب جانتے ہیں ڈالر گرل کو دبئی میں فلیٹ کس نے لیکر دیا، چانڈیو صاحب یہ بتاﺅ ایان علی کہیں آصف زرداری کی بہن تو نہیں؟ عمران خان خدا کا خوف کرو، آپ جوا کھیلو، بچے چھپاﺅ، وہ سب کیسے حلال ہوگئے؟ اپنی غلطیوں کی قوم سے معافی مانگو، وزارت کی بھیک مانگنے والا شیخ رشید آج نوازشریف سے استعفیٰ مانگ رہا ہے ”کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ“۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حنیف عباسی نے آصف زرداری، مولابخش چانڈیو، عمران خان اور شیخ رشید پر تنقید کے بم برساتے ہوئے کہا کہ آئندہ الیکشن سے قبل ڈوپ ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے، عمران خان کو رات کی دوائی نہ ملے تو انکی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے، عمران خان کا سیاسی جنازہ نکلنے والا ہے، عمران خان آپ 8 گھنٹے اڈیالہ جیل میں نہیں گزار سکتے، جہانگیر ترین اور عمران خان کرپشن کے بادشاہ ہیں، بدعائیں دینے سے کوئی وزیراعظم نہیں بنتا، عمران خان استعفے استعفے کی رٹ چھوڑو اور کے پی کے میں کام کرو۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان ووٹ لینے سے وزیراعظم بنو گے بددعائیں لینے سے نہیں، شیخ رشید نواز شریف کے قدموں میں بیٹھ کر وزارت کی بھیک مانگا کرتے تھے۔ عمران خان آپ کس منہ سے اخلاقیات کی بات کرتے ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، صرف عوام ہی وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کا حق رکھتے ہیں۔
حنیف عباسی

ای پیپر-دی نیشن