• news

پشتونوں کو سازش کے تحت دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے: محمود اچکزئی

صوابی (نامہ نگار) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے حوالے سے کانفرنس طلب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے سازش کے تحت پشتون کودہشت گرد قرار دیا جارہا ہے حالانکہ پشتون کسی صورت بھی دہشت گرد نہیں بلکہ امن پسند قوم ہے۔ مشال خان کا قتل افسوسناک ہے ،ہمارا دین کسی نا حق قتل کی اجازت نہیں دیتا،ان خیالات کا اظہارطالب علم مشال خان کے المناک قتل پر ان کے والد اقبال خان کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
ایم اے پی کے ایم این اے عبدالقہار، سینیٹر اعظم موسیٰ زئی اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمود اچکزئی نے مشال خان کے المناک قتل کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے کیونکہ ثبوت کے بغیر قتل کرنا انتہائی ظلم و زیادتی ہے ہمارا دین کسی صورت اس قسم کے ناحق قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل پاکستان سمیت پورے خطے میں فرنگی، ہندو، سکھ اور دیگر غیرمذہب کے لوگ پشتونوں اور مسلمانوں کے ساتھ رہ چکے ہیں اور آپس میں بہت اچھا سلوک رہا ہے لیکن آج ایک سازش کے تحت بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بد قسمتی سے اس میں پشتون مر رہے ہیں، قاتل بھی پشتون جب کہ مقتول بھی پشتون ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تعلیم یافتہ لوگوں کو بھی ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے۔ ایسے حالات میں تمام پشتونوں کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے، ہم سب کو صبر و تحمل سے کام لینا چاہئے کیونکہ ہمارے رسول نے دین اسلام اور قر آن و سنت کی نفاذ کیلئے جو تکلیفیں بر داشت کی ہیں وہ ہر مسلمان کو معلوم ہے اور ہر مشکل وقت میں صبر و تحمل سے کام لیکر اچھے اخلاق کا مظاہرہ کیا ہے۔
محمود اچکزئی

ای پیپر-دی نیشن