• news

عمران سیریز سمیت 1150 ناولوں کے خالق ایم اے راحت انتقال کر گئے

لاہور (کلچرل رپورٹر) بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی ناول نگار عمران سیریز سمیت 1150 ناولوں کے خالق مرغوب احمد راحت جو ایم اے راحت کے نام سے مشہور تھے، طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 75 سال کے قریب تھی۔ ایم اے راحت کو برین ٹیومر تھا ایک ہفتہ قبل ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو گئی۔ انہیں جناح ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ وہ ایک ہفتہ کوما میں رہے۔ ایم اے راحت نے پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ ان کا نام دنیا میں زیادہ لکھنے پر 20 سال قبل گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا۔ ایم اے راحت نے مقبول سلسلہ عمران سیریز میں بہت لکھا۔ ان کے قریبی دوست طارق چغتائی کے مطابق 6000 کے قریب افسانے لکھے۔ جس وقت پاکستان میں کل 27 ڈائجسٹ نکلتے تھے ایم اے راحت کی کہانیاں ان تمام ڈائجسٹوں میں شائع ہوتی تھیں۔ ایم اے راحت کے مقبول ناولوں میں کالا جادو، صدیوں کا بیٹا، نروان کی تلاش، شبلیس، مقدس نشان، سو سال پہلے، پارس شامل ہیں۔ ان کی نمازجنازہ اعوان ٹاﺅن میں ادا کی گئی اور بعدازاں انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف نے ایم اے راحت کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ ایم اے راحت پاکستان کیلئے اثاثہ تھے ان کا انتقال اردو ادب کیلئے بڑا خلاءہے۔
ایم اے راحت انتقال

ای پیپر-دی نیشن