• news

چھتیس گڑھ : ماﺅ علیحدگی پسندوں کا 25 برس میں سب سے بڑا حملہ‘ 27 بھارتی کمانڈو ہلاک‘ 6 زخمی

نئی دہلی (اے ایف پی + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماﺅ نواز علیحدگی پسندوں کے حملہ میں 27 سینٹرل ریزرو پولیس فورس کمانڈو ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ بھارتی پولیس حکام کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ماﺅ علیحدگی پسندوں نے سینٹرل ریزرو پولیس کے کمانڈوز پر حملہ کر دیا۔ جھڑپ کے دوران زخمی اہلکاروں کو علاج کیلئے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے رائے پور اور جگدال پور منتقل کر دیا گیا ہے۔ خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ ابھی تک 2 نعشں ملی ہیں۔ پیر کو دوپہر ایک بجے کے قریب چتنا گوپھا کے قریب کالا پتھر کے مقام پر دونوںاطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا تعلق سی آر پی ایف کی 74 بٹالین سے ہے اور یہ اہلکار علاقے میں عمارت میں کام کرنے والے مزدوروں کو تحفظ فراہم کر رہے تھے۔ چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ رامن سنگھ نے حملے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ آئی این پی کے مطابق پولیس ترجمان بھگوت سنگھ نے بتایا کہ اب تک ہماری معلومات کے مطابق سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 26 اہلکار ماباغیوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہماری ایک ٹیم جائے وقوعہ پر تعینات کر دی گئی ہے اور ہمیں اس حملے کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد مل جائیں گی۔ واضح رہے کہ علیحدگی پسند بھارت کی 20 ریاستوں میں سرگرم ہیں جن میں چھتیس گڑھ‘ اڑیسہ‘ بہار‘ جھاڑکھنڈ اور مہاراشٹرا کی ریاستیں سرفہرست ہیں۔ ہندوستان میں 1960ءسے جاری بغاوت میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 26 برس میں بدترین حملہ ہے۔ 300 ماﺅ نوازوں نے حملہ کیا۔ صباح نیوز کے مطابق 5 ماﺅ نواز باغی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ادھر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت صورتحال کا مکمل جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے ہلاک اہلکاروں کے خاندانوںسے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

چھتیس گڑھ

ای پیپر-دی نیشن