میاں صاحب ججوں نے بھی گو نواز گو کہہ دیا‘ آپ کو جانا ہو گا : زرداری کپتان اپنے آپ کو خان سمجھتے ہیں لیکن وہ نہ تو پشتو جانتے ہیں اور نہ اس کا یہاں سے تعلق ہے۔ ان کا شجرہ نسب کسی پختون سے نہیں بلکہ ٹائیگر نیازی سے ملتا ہے
مردان (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کپتان اپنے آپ کو خان سمجھتے ہیں لیکن وہ نہ تو پشتو جانتے ہیں اور نہ اس کا یہاں سے تعلق ہے۔ ان کا شجرہ نسب کسی پختون سے نہیں بلکہ ٹائیگر نیازی سے ملتا ہے، عمران خان مجھ سے چار سال بڑے ہیں، وہ نوجوانوں کے لیڈر نہیں بلکہ بلاول نوجونواں کا لیڈر ہے۔ پانامہ فیصلے میں ججوں نے نوازشریف کو بے قصور قرار نہیں دیا ہے، میاں صاحب اب تو ججوں نے بھی گو نواز گو کا نعرہ لگایا ہے اب آپ کو جانا ہو گا۔ پانامہ فیصلے پر وہ بھی مٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں اور کپتان بھی مٹھائی کھا رہے ہیں، فاٹا کو خیبرپی کے میں ضم کرکے قبائلیوں کو ان کا حق دلاکر دم لیں گے۔ مردان کے ریلوے گراو¿نڈ میں جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان لٹیروں نے پاکستان کے ساتھ کیا کیا، میں نے ایسا پاکستان تو نہیں چھوڑا تھا ان کو اپنی تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں آتا، نوازشریف سندھ میں جاکرکہتے ہیں جیب بھر کر لایا ہوں کیا وہ اپنی جیب سے پیسے دے رہے ہیں۔ عمران خود کو پختون کہتے ہیں لیکن کپتان کو نہ پشتو آتی ہے اور نہ ان کا ایڈریس پختونخوا کا ہے۔ آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں گو نواز گو کا نعرہ بھی لگایا۔ پاناما کیس کے فیصلے پر سابق صدر نے کہا کہ یہ کیسا فیصلہ ہے کہ ایک ہی فیصلے پر دونوں فریق مٹھائیاں کھا رہے ہیں۔ ہم نے غریبوں کو بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ دیا تھا موجودہ حکومت نے ختم کردیا آئندہ ہم حکومت بنائیں گے، غریبوں کو نوکریاں دیں۔ میاں صاحب نے وہ کتاب پڑھی ہوتی جس کا ذکر جج نے فیصلے میں کیا تو انہیں فیصلہ سمجھ آجاتا۔ سی پیک پشتونوں سے چوری ہوا ہے، اسے واپس دلائیں گے۔ پختونوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کی مذمت کرتا ہوں اور حکومت وقت اس کی مجرم ہے۔ امن کے قیام کے لئے ہماری فوج اور پولیس نے قربانیاں دیں، سوات کے عوام نے امن قائم کرکے پاکستان کا جھنڈا لہرایا، اقتدار میں آکر نوکریاں ہی نوکریاں دیں گے۔ آصف علی زرداری جلسے سے پہلے نواب زادہ اورنگزےب خان ہوتی کی رہائش گاہ پر پہنچے تو پارٹی لیڈروں نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا اور بکرے کا صدقہ دےا۔
زرداری