• news

ہم نے کام مکمل کر لیا‘ اسلام آباد گیس منصوبے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے : ایرانی صدر‘ پاکستان کو بھائی قرار دیا گیا

تہران / اسلا م آباد (آئی این پی+ اے این این) جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کو بھائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کی غیرمتزلزل حمایت اور دوستی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔گزشتہ روز ایرانی صدر حسن روحانی سے سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق اور پاکستانی پارلیمانی وفد کے ارکان نے تہران میں ملاقات کی۔ صدر روحانی کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل ملاقات صدر کی پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی کا اظہار ہے جبکہ ایران میں صدارتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان ہو چکا ہے اور وہ اس ملاقات کے لئے اپنی اہم انتخابی مہم چھوڑ کر خصوصی طور پر تشریف لائے۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان کی مسلم ممالک کے مابین اتحاد کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے صدر روحانی کو یقین دلایا کہ پا کستان کوئی ایسا قد م نہیں اٹھائے گا جو برادر ملک ایران کے مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا ہمارا خطہ دہشت گردی سے بُری طر ح متاثر ہے اس لعنت نے نہ صرف ہماری تر قی کو متاثر کیا ہے بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ایک مستقل خطرہ ہے جس کے خاتمے کے لئے ہمیں اپنے وسائل کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم پر حالیہ اخباری رپورٹیں کا حوالہ دیتے ہوئے سپیکر نے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے جلد حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردوں پر عمل درآمدکرانے کے لئے ایران کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی طر ف سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ بھی اد ا کیا۔ سپیکر نے دونوںہمسایہ ممالک کے مابین پائے جانے والے برادرانہ تعلقات کوباہمی مفادات کے لئے مضبوط شر اکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی حجم کو بھی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیاجو اس وقت 500 ملین امریکن ڈالر ہے۔سپیکر نے کہا دونوں ممالک کے درمیان توانائی پٹرولیم مصنوعات ، زراعت ، پھلوں کی تجارت ،آلات جراحی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ایران میں ٹیرف اور نان ٹیرف پاکستانی مصنوعات پر عائد پابندیوں کو اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا جن میں چاول اور کینو شامل ہیں۔ ایران کے صدر حسن ر وحانی نے سپیکر کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کوباہمی تعلقات کومزید مستحکم بنانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونا چاہئے۔ انہوں نے ایران کی پاک ۔چین اقتصادی راہداری میں شامل ہونے کی تجویز سے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے دونوں ممالک میں ہونے والے بینکنگ معاہدےBPA) ( پر اطمینان کا اظہا ر کیا جو باہمی تجارت کو بینکنگ چینل کے ذریعے فروغ دینے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ دونوں رہنماﺅں نے ایران، پاکستان گیس پا ئپ لائن پر ہونے والے کا م کا جائزہ لیا۔ سپیکر نے بتایا پاکستان کی طرف سے نواب شاہ سے گوادر سیکشن پر کام جاری ہے جس کو مکمل ہونے کے بعداسے گوادر سے ایران کے ساتھ ملا دیا جائے گا۔ پراجیکٹ دو سال کے اندر مکمل ہونے کا امکان ہے۔ صدر روحانی نے وزیر اعظم نواز شریف اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا دونو ں اقوام مستقبل میں ایک دوسر ے کے مزید قریب ہونگی۔ اے این این کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان پر زور دیا وہ طویل عرصے سے زیر التوا پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے سنجیدگی سے ضروری اقدامات کرے ۔ صدر حسن روحانی نے کہا ایران نے اپنی سرحد تک گیس پائپ لائن کا حصہ بچھا لیا ہے ہم امید کرتے ہیں پاکستان بھی اس منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید سنجیدگی سے ضروری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان سڑک اور ریل راہداریاں قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ایران کی چاہ بہار اور پاکستان کی گوادر بندرگاہوں سے خطے کو بے پناہ فائدہ ہوسکتا ہے۔ سپیکر نے ایران کو چین اور پاکستان کو ملانے والی اہم راہداری روٹ کا حصہ بننے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ایران کی چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شمولیت سے علاقائی تجارتی رابطوں کو فروغ ملے گا۔

سپیکر/ ایرانی صدر

ای پیپر-دی نیشن