• news

یونس خان حقیقی ٹیم مین اور عظیم کرکٹر ہیں : شہریار خان

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ یونس خان حقیقی معنوں میں ایک ٹیم مین، مسلسل محنت پر یقین رکھنے والے اور عظیم کرکٹر ہیں۔ انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل انکی صلاحیتوں، کھیل سے لگن، رنز کی جستجو اور اعلی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ دبئی سے نوائے وقت کیساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو ان سے پہلے کوئی پاکستانی نہیں کر سکا۔ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں کوئی بھی ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز مکمل نہیں کر سکا یہ اعزاز یونس خان کے حصے آیا ہے۔ وہ نوجوان نسل کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ میں انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ۔ ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ یونس خان نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جو گریٹ حنیف محمد، جاوید میاں داد، ظہیر عباس اور دیگر کرکٹرز نہ کر سکے۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میرے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز یونس خان کی کپتانی میں ہوا میں اس لحاظ سے خو ش قسمت ہوں کہ ایک عظیم کرکٹر کیساتھ ڈریسنگ روم شئیر کرنیکا موقع ملا۔ ٹیسٹ کرکٹر اشرف علی کا کہنا تھا کہ یونس خان نے اپنے کھیل سے مثال قائم کی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹر شاہد انور کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود یونس خان کی پوری توجہ ہمیشہ اپنی کرکٹ پر رہی۔ انہوں نے اپنی فٹنس اور کارکردگی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن