10 ہزار رنز میری نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے : یونس خان
جمیکا(صباح نیوز)ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے قومی بیٹسمین یونس خان نے کا کہنا ہے کہ دس ہزار رنز بنانامیری ہی نہیں، پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔ اس کارنامے کا سہرا ان کی فیملی کے ساتھ ساتھ آنجہانی کوچ باب وولمر کو بھی جاتا ہے۔یونس خان نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ فینز، سپورٹرز اور دوستوں کا ہمیشہ ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ یونس خان یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے پہلے اور دنیائے کرکٹ کے تیرہویں کھلاڑی بن گئے۔طویل دورانیے کی کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کا طویل سفر مرد بحران ہی نہیں بلکہ مرد میدان یونس خان نے بھی پورا کر لیا،سٹار مڈل آرڈر بیٹسمین نے کیریئر کے 116 ویں ٹیسٹ میچ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا،یونس خان 34 سنچریز اور 32 نصف سنچریز کی بدولت دس ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پہلے بلے باز جبکہ دنیا کے تیرہویں بیٹسمین بن گئے ہیں،اس گروپ میں ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر 15921 رنز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔یونس خان نے سن دوہزار میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنائی،گیارہ ممالک میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز ہیں،ٹیسٹ میچز کی چوتھی اننگز میں پانچ سنچریوں کے ریکارڈ پر بھی یونس خان کا قبضہ ہے، وزڈن میگزین بھی یونس خان کی خدمات کا معترف،انہیں دوہزار سولہ کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شامل کیا گیا۔یونس خان نے کامیابی کا کریڈیٹ فیملی،والدین اور سابق کوچ باب وولمر کے نام کر دیا،خصوصی ویڈیو پیغام میں یونس خان نے کہا یہ اعزاز پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔