• news

حکومت کی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے میں مدد ملے گی: پرویز خٹک

اسلام آباد (آن لائن) خیبر پی کے کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہاہے کہ حکومت پاکستان سی پیک اور ون بیلٹ روڈ کے اہم منصوبے کے تحت ساز گار صنعتی پالیسیاں نافذ کرچکی ہے ، ایسی پالیسیوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں لانے کیلئے مدد ملے گی ، روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے تحت مزید چینی اور دوسری غیر ملکی کمپنیاں پاکستان اور خیبر پی کے میں سرمایہ کاری کریں گی جوپاکستان کے لئے گیم چینجر ہوگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت پاکستان سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ کے اہم منصوبے کے تحت سازگار صنعتی پالیساں نافذ کرچکی ہے۔ چین کے سرکاری دورے کے موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ ان کی چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات نہایت کامیاب رہی اورون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں وافر مقدار میں مواقع ہونے کے باعث وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہم کھلے دل سے خوش آمدید کہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبوں کو تحفظ دینے کے لئے ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں اور اس کے علاوہ صوبے نے 4 ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی فورس بھی بنائی ہے۔وزیراعلی خیبر پی کے نے کہا کہ صوبے نے مفاہمت کی 60 یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جن میں سے 25 ایم او یوز مقامی کاروباری اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن