واقعہ معراج سے مستفید ہونے کیلئے پختہ ایمان اور وجدان کی ضرورت ہے: طاہر القادری
لاہور/مریدکے (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ انبیائے کرام کے دست حق پر اللہ کی قدرت سے رونما ہونے والے ماورائے عقل واقعہ کو معجزہ کہتے ہیں۔ واقعہ معراج کی برکات سے مستفید ہونے کیلئے پختہ ایمان، ایقان اور وجدان کی ضرورت ہے، آقائے دو جہاں ﷺ کی زبان اقدس سے نکلا ہوا ہر حرف، حرفِ آخر اور ایمان کا بنیادی جزو ہے، نماز پنجگانہ معجزہ معراج کا تحفہ ہے۔ معجزہ کسی مادی تعبیر و تفہیم یا توجیہہ توثیق کا محتاج نہیں، منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ کے موقع پر روحانی اجتماع ہوا جس میں تحریک منہاج القرآن کے رہنمائوں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ خواتین نے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والے افراد کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا اور ظلم کی نئی تاریخ رقم کرنے والوں کو عدالتوں سے عبرتناک سزائیں دلوا کر رہیں گے۔ سا نحہ کے دوران شہید ہونے والے مریدکے کے نوجوان محمد شہباز مصطفوی کے خاندان کو نیا گھر تعمیر کرکے دینے کی ایک تقریب کے دوران اپنے پیغام میں انہوںنے کہا کہ پاکستان پر ظلمت کے سائے عنقریب ختم ہونے والے ہیں۔ تقریب میں رفیق انجم طفیل قادری، شوکت علی قادری، اظہر علی جٹ، سید شعیب شیرازی، کاشف فاروق وڑائچ سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔