• news

20 ہزار حجا ج کا مزید کوٹہ حاصل کرنے کیلئے سعودی حکام سے مذاکرات کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت پاکستان نے 20 ہزار حجاج کا مزید کوٹہ حاصل کرنے کے لئے سعودی حکام سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف آئندہ چند روز میں سعودی عرب جائیں گے۔ اس وقت پورے ملک میں مردم شماری ہو رہی ہے لیکن جب تک مردم شماری کے بارے میں اقوام متحدہ کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں ہوتا پاکستان کو اس کی مردم شماری کے مطابق حج کا اضافی کوٹہ نہیں مل سکتا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف پاکستان اور سعودی عرب کے خصوصی تعلقات کے پیش نظر اضافی حج کوٹہ پر سعودی حکام سے مذاکرات کریں گے۔ حج درخواستوں کی وصولی میں 3 روز رہ گئے ہیں لیکن اب تک 2 لاکھ 83 ہزار 400 درخواستیں بنکوں میں وصول ہو چکی ہیں جبکہ یہ تعداد گزشتہ سال کی وصول ہونے والی درخواستوں سے تجاوز کر گئی ہے اس سال مجموعی طورپر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی عرب میں عازمین حج کے لئے عمارات کا جائزہ بھی لیں گے اور حج ڈائریکٹوریٹ کو عمارات کے حصول کے لئے گائیڈ لائن دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن