• news

کرم ایجنسی: بم دھماکہ‘ مسافر وین تباہ‘ بچوں سمیت15 شہید

کرم ایجنسی/ اسلام آباد (صباح نیوز+ نامہ نگار+ خبر نگار خصوصی + رائٹرز+ نمائندہ خصوصی+ خصوصی رپورٹر) کرم ایجنسی کے علاقہ گودر میں مسافر وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 3 خواتین اور 3 بچوں سمیت 15 افراد شہید اور 9 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد میں 4 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر ایم آئی17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے شدید زخمیوں کو طبی امداد کیلئے پشاور منتقل کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کیلئے ہرممکن بہتر طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ پاراچنار کے علاقے گوادر میں دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سڑک کے کنارے بارودی مواد نصب کر رکھا تھا، پاراچنار سے سدہ جانے والی وین جیسے ہی قریب پہنچی، دہشت گردوں نے ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کردیا۔ مقامی افراد اور امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے 14 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی۔ زخمیوں میں ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں، دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ 12 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ صدر ممنون حسین نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی بم دھماکے کی پر زرو الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد شکست کے خوف سے بزدلانہ کارروائی کر رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی، آصف زرداری، عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، آصف زرداری اور دیگر سیاسی قائدین نے بھی بم حملے کی مذمت کی ہے ۔ رائٹرز کے مطابق جماعت الاحرار کے ترجمان اسد منصور کا کہنا تھا کہ بارودی مواد شیعہ کمیونٹی اور مردم شماری کے عملہ کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ قبل ازیں پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکار شاہد خان کا کہنا تھا کہ حملے میں مردم شماری عملے کے 4 ارکان بھی زخمی ہوئے۔ اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے جانی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرم ایجنسی میں ایک تسلسل اور منصوبہ بندی کے تحت محب وطن شہریوں اور آبادیوںکونشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل مظہر شاہین نے سدہ کا ہنگامی دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

ای پیپر-دی نیشن