چین سے معاہدے، واضح کردیا ہمارے صوبے میں کمشن کا چکر نہیں امیر مقام جیسے گدھے نہیں چاہئیں، برآمد کردیں گے: پرویز خٹک
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے چائنہ روڈ شو کے حوالے سے بریفنگ میں کہا ہے کہ چین کے ساتھ 24 بلین ڈالرز کے ایم او یوز پر دستخط کئے ہیں جو تاریخی ہیں لیکن 24 ارب ڈالرز کے معاہدوں کی بجائے گدھوں کا معاملہ اچھالا گیا۔ خیبر پی کے کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔ آئندہ ماہ دوبارہ چین جا رہا ہوں چین میں روڈ شو میں صوبے کے بہترین منصوبے لیکر گئے، چین کے ساتھ ملکر اپنے صوبے کیلئے بہت کچھ کرسکتے ہیں، سی پیک کے بعد خیبر پی کے سنٹر پوائنٹ بن چکا ہے، ہمارا روٹ طورخم کے ذریعے روسی ریاستوں کیلئے کھلا ہے۔ چین میں 80 سے زائد ایم او یوز پر دسخط ہوئے ہیں۔ چینی کمپنیوں پر واضح کردیا ہے کہ ہمارے صوبے میں کمشن کا چکر نہیں۔ سی پیک پر شروع میں ہمیں اندھیرے میں رکھا گیا تھا، خیبر پی کے میں سکیورٹی خدشات دور کردئیے۔ چینی سرمایہ کاروں کیلئے چار ہزار سکیورٹی اہلکار ہونگے۔ گدھوں کی تجارت کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر مقام جیسے گدھے ہمیں نہیں چاہئیں برآمد کردیں گے۔