سرفراز احمد کو دھکا دینے پر گیبریئل کو میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سرفراز احمد کو دھکا دینے پر فاسٹ باو¿لر شینن گیبریئل کو 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا ۔جمیکا میں پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 103ویں اوور کے دوران شینن گیبریئل نے اپائر رچرڈ النگورتھ سے اپنی کیپ وصول کرتے ہوئے نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود پاکستانی بلے باز سرفراز احمد کو جان بوجھ کر دھکا دیا تھا۔شینن گیبریئل آئی سی سی کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کے تحت کسی بھی کھلاڑی، آفیشل، امپائر یا کسی اور شخص سے جان بوجھ کر جسمانی طور پر ٹکرانا یا نقصان پہنچانا ممنوع ہے۔شینن گیبریئل پر جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ تین منفی پوائنٹس بھی دے دیے گئے ہیں۔گیبریئل نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری کرس براڈ کی جانب سے دی گئی سزا کو بھی تسلیم کر لیا جس کے بعد معاملے کی سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔