راہداری منصوبہ کوکامیاب بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہیں: ندیم کامران
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب ملک ندیم کامران نے کہا کہ حکومت پنجاب پاک چائنہ راہداری منصوبے کو ہر صورت کامیاب بنانے کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ منصوبے کی مدد سے پاکستان بیرون ممالک کے ساتھ بہترین و موثر روابط ہموار کرسکے گا۔ اس ضمن میں سی پیک کے مغربی روٹ کے ساتھ ساتھ صوبہ کے اضلاع میں ٹیکنیکل تعلیمی اداروں کا قیام، صوبائی سڑکوں، ہائی ویز، انڈسٹریل اسٹیٹس، ہائوسنگ کالونیوں، رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبوں، ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ جیسے منصوبوں کی ترقی پر زور دینا ہوگا۔انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز 90 شاہراہ قائداعظم لاہور میں ہونے والے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب کی طرف سے صوبہ پنجاب کے مڈ ٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک بشمول مغربی کوریڈور پاک چائنہ راہداری منصوبہ پر قائم منسٹرئیل کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں خطاب کے دوران کیا ہے۔ ملک ندیم کامران نے کہا کہ سی پیک کے مغربی کوریڈور کے ساتھ ساتھ اضلاع کیلئے مڈ ٹرم ڈویلپمنٹ پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے آئندہ ہفتے تک تمام تر متعلقہ ورکنگ گروپس اپنی اپنی ترقیاتی سکیموں کو ترجیح کی بنیاد پر پیش کریں گی بعد ازاں محکمہ پی اینڈ ڈی میں مذکورہ منسٹرئیل کمیٹی علیحدہ علیحدہ ہر ایک ورکنگ گروپ کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں اس ڈویلپمنٹ فریم ورک کو حتمی شکل دے گا۔