وزیراعظم کیخلاف تحریک، لاہور ہائیکورٹ بار نے دیگر وکلاءتنظیموں سے رابطے تیز کردئیے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مستعفی نہ ہونے پر لاہورہائیکورٹ بار کی طرف سے تحریک چلانے کے معاملے پر دیگر بار ایسوسی ایشن سے رابطے تیز کردئیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عامر سعید راں نے بتایا کہ مختلف بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ عامر سعید راں نے دعوٰی کیا کہ سندھ ہائیکورٹ بار نے بھی لاہور ہائیکورٹ بار کے ساتھ تحریک چلانے کی رضا مندی ظاہر کی ہے۔ پنجاب کی 21 ضلعی بار ایسوسی ایشنز نے بھی وزیراعظم کیخلاف قرادداد منظور کیں۔ عامر سعید راں نے بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف کو دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔اسلام آباد کے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سپریم کور ٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری آفتاب باجوہ نے کہا ہے کہ پانامہ سے متعلق مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق بار کی میٹنگ 2 مئی کو طلب کی گئی ہے ، پانامہ سے متعلق اگر کسی بار عہدیدار کا بےان آتا ہے تو وہ اس کا انفرادی بےان ہے اجتماعی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ میٹنگ میں بارز سے مشاورت کے بعد کےا جائے گا ، اس حوالے سے تحصیل ، ڈسٹرکٹ، ہائی کورٹس کی تمام بارز کے نمائندہ مشاورت کی جائے گی۔