عمران سمجھدار سیاستدان ہیں، گو نواز گو پر اپوزیشن تقسیم نہیں ہونے دینگے: خورشید شاہ
اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نیوز لیکس سکینڈل میں اصل ذمہ داروں کا کچھ نہیں ہو گا اور کسی چھوٹے سرکاری ملازم کو قربانی کا بکرا بنا دیا جائیگا، سکیورٹی کے نام پر اسلام آباد میں لگائے گئے 10ارب روپے بھی کینیڈین سفارت کار کو نہ بچا سکے اور انہیں گزشتہ روز لوٹ لیا گیا، گو نواز گو کے نعرے پر اپوزیشن کو تقسیم نہیں ہو نے دیا جائیگا، عمران خان ایک سمجھدار سیاستدان ہےں۔ ان خیالات کااظہار خورشید شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسلام آباد میں امن وامان کے چوہدری نثار کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی کے نام پر وفاقی دارالحکومت میں 10ارب روپے لگائے گئے لیکن یہاں پر سفارت کار تک محفوظ نہیں ہیں۔ حکمران کسان دشمن ہیں اور وہ کسانوں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ پانامہ کے معاملے پر عمران خان کا 10 ارب کی پیشکش کا الزام سنگین ہے۔ عمران کی ذمہ داری ہے وہ اس اہم الزام کی وضاحت کریں، 10 ارب کی آفر لے کر کون آیا؟ کس نے دی؟ کس نے پیغام بھیجا؟ سب سامنے آنا چاہئے۔ انہوںنے کہا اگر ایسا کوئی پیغام آیا تو اس پر بھی وزیراعظم کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ عمران خان ن لیگ کے ساتھ پیپلز پارٹی کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ عمران خان پیپلز پارٹی پر تنقید اس لئے کرتے ہیں کیونکہ اسی طرح ان کا چورن بکتا ہے۔