سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کی مدت ختم، قیادت دوبارہ پارلیمانی سیاست میں لانے کی خواہشمند، گوجرانوالہ ملتان میں کارکنوں کے بھنگڑے
لاہور/گوجرانوالہ/ ( این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی۔ 2012ءمیں اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عدالت کے حکم کے باوجود آصف زرداری کیخلاف سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کیس میں 30 سیکنڈ کی سزا دی تھی جس کی بناءپر وہ پانچ سال کیلئے نااہل ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد اور پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے سپریم کورٹ کی طرف سے سنائی گئی سزا کی مدت ختم ہونے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی۔ بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت یوسف رضا گیلانی کو دوبارہ پارلیمانی سیاست میں لانا چاہتی ہے اور اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوچکا ہے اوراس حوالے سے آنے والے دنوں میں باضابطہ اعلان سامنے آنے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیںگوجرانوالہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے پانچ سال کی مدت ختم ہونے پر جشن منایا، اس موقع پر جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کے ساتھ آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔یوسف رضاگیلانی کی نااہلی کی 5 سالہ مدت ختم ہونے پرملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں بھی پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے، جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ ڈسٹرکٹ بار ملتان میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، پیپلز لائرز فورم کی جانب مٹھائی تقسیم کی گئی۔
یوسف گیلانی