نوازشریف جلد مستعفی ہو جائیں گے : مراد علی شاہ‘ لوڈشیڈنگ کیخلاف مزار قائد کے سامنے دھرنا
کراچی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف عدلیہ کی آواز سنیں اور فوری استعفی دیں جبکہ سندھ کے حقوق ملنے اور نواز شریف کے استعفے تک دھرنے جاری رکھیں گے۔ کراچی میں مزار قائد کے سامنے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کو تکلیفیں دی ہیں، وفاق سندھ سے سوتیلے جیسا سلوک کر رہا ہے اور سندھ کے حصے کی گیس، بجلی نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، وفاقی حکومت عوام کا اعتبار کھو چکی، آج پوری دنیا گو نواز گو کا نعرہ لگا رہی ہے جبکہ اعلیٰ عدلیہ نے بھی ان کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نوازشریف عدلیہ کی آواز سنیں اور جلد از جلد استعفیٰ دیں۔ آپ کو بتا رہا ہوں جلد نواز شریف مستعفی ہوجائیں گے جبکہ سندھ کے حقوق ملنے اور نوازشریف کے استعفیٰ تک دھرنے جاری رہیں گے۔ واضح رہے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے 16 اپریل کو بجلی کی حالیہ لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 30 اپریل کو تمام ڈویژنل مراکز پر دھرنا ہوگا اور حکام کے سخت رویوں کیخلاف 14 مئی کو صوبائی سطح پر دھرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم کو دریائے سندھ پر تعمیر کیا گیا اور بجلی پیدا کرنے کیلئے سندھ کے حصے کا پانی چرا کر صوبے کو خشک سالی کا شکار کر دیا گیا۔ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم کیخلاف دھرنے میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کا اعتماد کھو دیا ہے۔
دھرنا/ مراد علی شاہ