• news

سکروٹنی کمیٹی نے نیب کے 100 سے زائد سینئر عہدیداروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

اسلام آباد(این این آئی)اسٹیبلشمنٹ سیکرٹری طاہر شہباز کی سربراہی میں سکروٹنی کمیٹی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے 100 سے زائد سینئر عہدیداروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا جنہیں ممکنہ طور پر وائٹ کالر جرائم سے نمٹنے کےلئے مطلوبہ تجربہ نہ ہونے پر ہٹایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نیب کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر ذمہ داریاں نبھانے والے چند افسران سمیت عہدیداروں کو جاری نوٹسز میں ایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ان عہدیداروں کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر انکوائری کی جارہی ہے جس کے لیے سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔اسٹیبلشمنٹ سیکرٹری نے گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کی طرف سے لیے گئے ازخود نوٹس پر اپنی اپنی رپورٹ پیش کی۔نیب کی طرف سے کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی رپورٹ میں ان 100 افسران کے تفتیش کے میدان میں تجربے کی کمی کا انکشاف ہوا تھا تاہم سیکرٹری نے عدالت کو کہا تھا کہ قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ان عہدیداروں کو شوکاز نوٹس جاری کردینا چاہیے تاکہ ہر کسی کو انفرادی طور پر اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع مل سکے۔سیکرٹری کی رپورٹ کے مطابق 4 ڈائریکٹر جنرل حسنین احمد (موجودہ ڈی جی ہیڈ کوارٹرز)، زبیر شاہ (ڈی جی آپریشنز)، الطاف باوانی (ڈی جی کراچی) اور ریٹائرڈ بریگیڈیئر فاروق نصیر اعوان (ڈی جی خیبرپی کے) بھی موجودہ پوسٹ کے متعلقہ معیار پر پورا نہیں اترتے۔
نوٹس جاری

ای پیپر-دی نیشن