پاکستان کی لابنگ کامیاب‘ بھارت کو شکست‘ آئی سی سی میں بگ تھری کا خاتمہ
لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھارت کی اجارہ داری کا خاتمہ ہو گیا۔ آئی سی سی بورڈ اجلاس میں نئے آئین کی منظوری کے ساتھ مالی معاملات بھی طے پا گئے۔ آئی سی سی کے نئے آئین کی منظوری کے لیے آئی سی سی گورننگ بورڈ کے 10 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا جس میں بھارت کو دو کے مقابلے میں 8 ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مالی معاملات طے کرنے کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں بھارت کو ایک کے مقابلے میں 9 ووٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔آئی سی سی کے نئے آئین کی منظوری کے ساتھ 2014ءمیں آئی سی سی میں بننے والے بگ تھری کا خاتمہ ہو گیا جس کے تحت میگا ایونٹس کی میزبانی صرف بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے انجام دینی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کامیاب لابی کی وجہ سے نئے آئین کی منظوری اور بگ تھری کے خاتمے کے لیے ووٹنگ میں سری لنکا نے بھارت کا ساتھ دیا جبکہ مالی معاملات کی ووٹنگ میں بھارت اکیلا رہ گیا اور اس کے خلاف 9 ووٹ پڑے۔ نئے آئین کا اطلاق جون میں ہونے والے آئی سی سی جنرل کونسل اجلاس کے بعد ہوگا جس میں نئے آئین کی منظوری لی جائے گی۔ بھارت کی آمدنی میں کمی واقع ہوگی جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی آمدنی میں معمولی اضافہ ہو جائے گا۔ مختلف ممالک کے درمیان باہمی سیریز کے معاملات بھی طے پا جائیں گے اور سیریز نہ کھیلنے والے ممالک کو جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑ سکے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ سے قبل بھارت نے بنگلہ دیش اور سری لنکا کی حمایت حاصل کی تھی جبکہ اجلاس میں دونوں ممالک نے مالی معاملات طے پانے میں بھارت کی مخالفت کی۔ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایم او یو کے باوجود پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے بنائی جانے والی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے پاکستان میں سکیورٹی ایشوز پر آئی سی سی ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں اس بات کا وعدہ کیا ہے کہ ستمبر کے آخر میں آئی سی سی ٹیم جس میں ٹاپ پلیئرز ہونگے، ٹیم تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی۔
لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بتا دیا ہے کہ آپ نے طے شدہ معاہدے کے تحت پاکستان سے سیریز نہ کھیل کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اب ہم آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ وہ دبئی سے ٹیلی فون پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد نوائے وقت کیساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے نمائندے کو اپنے موقف اور معاہدے کی خلاف ورزی پر مستقبل کی حکمت عملی سے آگاہ کر دیا ہے۔ ہم بہت جلد بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس بھیجیں گے۔ جون میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں بگ تھری کا آئینی و عملی طور پر مکمل خاتمہ ہو جائیگا اس فیصلے پر مہر لگ جائیگی۔ بگ تھری کے خاتمے سے کرکٹ کا بہت فائدہ ہے۔ نئے فارمولے سے آئی سی سی کے شئیر میں پاکستان کا حصہ بڑھ جائیگا۔ آئی سی سی کے چئیرمین ششانک منوہر نے اپنا استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ بھی بگ تھری کے فارمولے کو ختم کرنے کے لیے کیا تھا انکو واپسی کے لیے قائل کرنے میں ہمارا بھی کردار رہا ہے۔
شہریار