• news

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کرے: پاکستانی مندوب

اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو بھی اسی طرح اجاگر کرے جس طرح اس نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منایا۔عالمی ادارے کے ہیڈ کوارٹر میں پاکستانی مشن میں پریس منسٹر مسعود انور نے یو این کمیٹی آن انفارمیشن کے 39 ویں اجلاس سے خطاب میں فلسطینی کاز کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی ادارے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایسے ہی اقدامات کشمیری عوام کے لئے بھی کئے جائیں جو اپنی سرزمین پر غاصبانہ بھارتی قبضے کے باعث طویل عرصے سے مصائب و آلام کا شکار ہیں۔اس موقع پر بھارتی مندوب نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئر مین سے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کی اجازت طلب کی اور دعویٰ کیا کہ کشمیر دو ممالک کے درمیان تنازع ہے اور اس کا کوئی تعلق نہیں لیکن پاکستان مندوب نے بھارتی مندوب کی مداخلت کی پرواہ کئے بغیر اپنا خطاب جاری رکھا۔پاکستان مندوب نے کہا کہ اس بات پر بھی اپنی توجہ مبذول کرے کہ عشروں سے بے گھر لاکھوں مہاجرین اور ان کی صورتحال کو فراموش نہ کیا جائے۔پاکستان نے گذشتہ چار عشروں سے لاکھوں مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دے رکھی ہے اور وہ عالمی برادری کی توجہ دنیا بھر میں موجود مہاجرین کی حالت زار بارے مبذول کراتا رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے حال ہی میں پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو امن کا سفیر مقرر کیا ہے اور اس موقع پر لاکھوں مہاجرین کی فیاضانہ میزبانی پر پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن