• news

وزیراعظم نوازشریف پر سوں اوکاڑہ جائینگے گندم کی کٹائی کا افتتاح، جلسے سے خطاب کرینگے

اوکاڑہ (نامہ نگار) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف 29 اپریل کو اوکاڑہ جائینگے اور سید عاشق کرمانی کے آبائی گائوں جائیں گے جہاں وہ گندم کی کٹائی کا افتتاح کرینگے اور بعدازاں وہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والا اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور اوکاڑہ سٹیڈیم میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرینگے۔ سید عاشق کرمانی، چودھری ریاض الحق جج اور فیاض ظفر، چودھری اظہر نے اوکاڑہ کا تاریخی جلسہ کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور تمام کونسلروں کو اپنے اپنے علاقوں سے تین، تین سو افراد لانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ ریاض الحق جج ایم این اے نے کہا کہ اوکاڑہ مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے اور انشاء اللہ ثابت کر کے دکھائوں گا کیونکہ میاں محمد نوازشریف نے اوکاڑہ کو یونیورسٹی ایجوکیشن، اوورہیڈ پل، ہسپتال میں توسیع کے منصوبے دیئے ہیں۔ انشاء اللہ میاں صاحب اوکاڑہ میں اور کئی میگا پروجیکٹ کا بھی اعلان کرینگے اور انکی آمد پر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنمائوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد کے حکم پر لبیک کہیں گے اور انکا والہانہ و پرتپاک استقبال کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن