گڈگورننس کیلئے آئی ٹی کا استعمال بہترین حکومتی حکمت عملی ہے: عائشہ غوث
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ گڈ گورنس کو یقینی بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال حکومت پنجاب کی بہترین حکمت عملی ہے جو عام آدمی کے مسائل میں کمی کے ساتھ ساتھ صوبے کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔لینڈریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، تھانوں کی کمپیوٹرائزیشن ،سکولوں اور ہسپتالوں میں ای مانیٹرنگ سسٹم، پولیو اور ڈینگی مہم کی نگرانی کے لیے سمارٹ فونز کا استعمال وہ تمام اقدامات ہیں جو پنجاب کو دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے گزشتہ روزپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے اشتراک سے پنجاب میں وائی فائی ہاٹ سپاٹ انٹرنیٹ کی مفت فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔