• news

مقبوضہ کشمیر : بھارتی کیمپ پر حملہ‘ کیپٹن سمیت 3 فوجی ہلاک‘ 2 حملہ آور مارنے کا دعوی....

سرینگر (آئی این پی+ کے پی آئی+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے کپواڑہ میں بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے میں کیپٹن سمیت 3 فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسرت عالم بٹ کو 3 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ طلباءکے مظاہرے جاری‘ طالبات بھی میدان میں آ گئیں، فورسز کے تشدد سے بیسیوں طلبہ زخمی ہوئے۔ ضلع کپواڑہ میں حملے میں کیپٹن اور ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمےت 3 فوجی ہلاک ہوئے۔ بعض ذرائع کے مطابق کیپٹن ایورش سمیت 5فوجی مارے گئے حملہ جمعرات کی صبح کپواڑہ میں پنج گاﺅں کے علاقے چوکیبال میں واقع بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ کیا گیا۔ ایک بھارتی فوجی افسر نے حملے کے بعد سرچ آپریشن میں 2 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ چار زخمی فوجیوں کو طبی امداد کیلئے سرینگر بھیج دیا گیا۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کا کہنا تھا عسکریت پسندوں نے بھارتی فوجیوں پر حملے کے لیے بندوق اور دستی بموں کا استعمال کیا۔ کپواڑہ میں پنزگام فوجی کیمپ مےں حملے کے بعد افراتفری مچ گئی‘ بھارتی فوجی ادھر ادھر بھاگتے ہوئے نظر آئے۔ واقعے کے بعد بھارتی فوج کی مزےد کمک منگوائی گئی اور علاقے کو محاصرے مےں لے کر تلاشی شروع کر دی گئی۔ ادھر بہار آباد سمبل میں ایک پر اسرار اور خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 60 سالہ بزرگ شہری زخمی ہو گیا۔ درےں اثنا سکیورٹی فورسزنے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی اور ان کی سےکرٹری فہمےدہ صوفی کو گرفتار کر لیا۔ عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور مسلم لیگ جموں و کشمیر کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو تین مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ پلوامہ میں ہائر سکینڈری سکول کے طلباءنے بھارتی پولیس کی طرف سے گرفتار کئے جانے والے ساتھی طلبا کی رہائی کیلئے سڑکوں پر احتجاج کیا جس کے بعد مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ طلباءنے سکول میں احتجاج کیا اور بعد ازاں انہوں نے مرکزی چوک کی طرف مارچ کیا جہاں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے انہیں منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپوں کی وجہ سے علاقے کے تاجروں کو اپنی دکانیں مجبوراً بند کرنا پڑیں۔ جھڑپوں کے دوران بیسیوں طلباءزخمی ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے ڈگری کالج گاندر بل میں مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس ذرائع نے بتایا ایک درجن کے قریب طلباءکو پتھراﺅ کے دوران گرفتار کیا گیا۔ سید علی گیلانی نے طالبات کے لیے مخصوص کالجوں کی طرف سے لڑکیوں کو این سی سی ٹریننگ کے نام پر فوجی کیمپوں پر بھیجنے اور بعد میں فوج کے اہتمام سے ریاست سے باہر کی سیر پر بھیجے جانے پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ یاسین ملک نے بھارتی حکومت کو مذاکراتی عمل کیلئے آفاقی اصولوں کی تابعداری کا مشورہ دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے تینوں فریقوں، پاکستان بھارت اور کشمیریوں کو ایک ہی میز پر جمع ہونے پر زور دیا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق کی نظربندی ختم کر دی گئی۔ طالبات احتجاج کے دوران قابض فوجیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نعرے لگاتی رہیں۔ علی گیلانی نے تھری جی اور فور جی کے بعد سماجی رابطہ ویب سائٹوں پر پابندی لگانے کے حکومتی اقدام کو ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاست کو پتھر کے زمانے کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ صباح نیوز کے مطابق مظاہرین پر فائرنگ میں ایک شہری شہید ہو گیا۔ مودی سرکار کی کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دستبردار ہونے کیلئے لالچ دینے کی کوشش، جموں وکشمیر کیلئے ترقیاتی پیکیج کے نام پر 19 ہزارکروڑ روپے جاری کر دئیے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ 80 ہزار کروڑ کے ترقیاتی پیکیج میں سے 19 ہزار کروڑ روپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے حالات کو ہر کشمیری عکس بند کر رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا کے سامنے آ رہے تھے۔ جموں و کشمیر میں چلنے والی تحریک میں ہر طبقہ شامل ہو چکا ہے طاقت کے ذریعے حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا۔ کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی لگائی گئی ہے۔

کشمیر حملہ

ای پیپر-دی نیشن