• news

نوجوان نسل کو بے خبر رکھنے کے لئے قوم کو تاریخ سے الگ رکھا گیا: رضا ربانی

اسلا م آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو بے خبر رکھنے کے لیے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قوم کو تاریخ سے الگ رکھا گیا، ایسی صورتحال پیدا کی گئی جہاں نوجوان نسل ریاست اور حکمران اشرافیہ سے اس ضمن میں سوال کرنے کے بھی اہل نہ ہوں، قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے فرمودات کو یا تو تبدیل کردیا گیا یا پھر انہیں مکمل طور پر غائب کر دیا گیا۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے پوسٹ گریجویٹ اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات ایف سیون ٹو میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری تاریخ کو مسخ کیا گیا اور قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے فرمودات کو یاتو تبدیل کردیا گیا یا پھرانہیں مکمل طور پر غائب کر دیا گیا جس کے تحت انہوں نے ایک جمہوری اور فلاحی ریاست کا تصور دیا تھا اور آج یہی وجہ ہے کہ نوجوان نسل اپنی شناخت کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہے اور سمت کے تعین میں دشواری پیش آرہی ہے۔ میاں رضاربانی نے اس اُمید کا اظہار کیا ہماری نوجوان نسل ایک مضبوط جمہوری اور آئینی معاشرے کے فروغ کیلئے اپنی توانیاں صرف کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جن مسائل کا سامنا ہے ان کی بنیادی وجہ تاریخ سے روابط منقطع ہونا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کو اس وقت دہشت گردی اور فرقہ واریت کا سامنا ہے اور اس کی وجہ یہی ہے کہ ہم نے اپنی تاریخ سے اپنے آپ کو منقطع کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی و ہ زینہ ہے جس کے ذریعے قومیں ترقی اور عروج حاصل کرتی ہیں اور تعلیم کے بغیر مہذب معاشرے آگے نہیں بڑھ سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن