• news

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ غریب طلبا کے خوابوں کی تعبیر بن گیا: پیف سکالرز

لاہور(خبر نگار) ایوان اقبال میں لیپ ٹاپ تقسیم کے چوتھے مرحلے کے آغاز پر منعقدہ تقریب میں پیف سکالرز نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے تعلیمی پروگراموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان تعلیمی پروگراموں کے باعث غریب گھرانوں کے بچوں کو بھی اعلی تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں۔ ایف سی کالج لاہور میں زیر تعلیم پیف سکالر زلیخا ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق لاہور کے علاقے قلعہ گجر سنگھ کے غریب گھرانے سے ہے اورمیں نے یتیمی میں آنکھ کھولی۔ بیوہ ماں کی مشکلات اوربیرون ملک مقیم بھائی کی قطع تعلقی میرے سامنے تھی۔ میرے پاس صرف ایک ہی راستہ تھا کہ میں تعلیم حاصل کرکے اپنے خاندان کی مشکلات کو کم کرسکوں۔ 2009ء میں میٹرک کا امتحان 80 فیصد نمبر حاصل کر کے پاس کیا اورایف ایس سی میں بھی 80 فیصد نمبر حاصل کیے۔ مجھے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں بی ایس سی آنرز میں بائیوٹیکنالوجی میں داخلہ ملااور چار سال کا تعلیمی سفر ادارے کے تعلیمی فنڈ کے باعث طے ہوا ، اسی دوران میرے جبڑے میں ٹیومر کامسئلہ پیدا ہوا جس کا علاج بہت مہنگا تھا۔میرے لئے اپنا علاج کروانا اورتعلیمی اخراجات پورا کرنا مشکل تھا ،مجھے پتا چلا کہ نوازشریف ہسپتال میں غریبوں کا علاج مفت ہوتا ہے میں نے اپنا علاج اس ہسپتال سے کروایا۔میرے اعلی تعلیم کا خواب پنجاب حکومت کے ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے پورا ہورہا ہے ،اسی فنڈ کی بدولت میں آج ایف سی کالج جیسے اعلی تعلیمی ادارے میں (ایم فل) کررہی ہوں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دیگر تعلیمی پروگراموں کی طرح لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام بھی انتہائی شاندار ہے اوران کے یہ پروگرام نوجوانوں سے گہری وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کی سکیم نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔ قصور سے تعلق رکھنے والے لمز یونیورسٹی میں زیر تعلیم پیف سکالر محمد حسیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے جیسا عام بچہ آج پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی بدولت لمز جیسے ادارے میں تعلیم حاصل کررہا ہے اورمجھ جیسے کئی اوردوسرے بچے ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں تو یہ سب کچھ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی علم دوستی کی مرہون منت ہے۔ انہوںنے کہا کہ قصور کے مقامی سکول سے 93فیصد نمبرلیکر میٹرک کاامتحان پاس کیا ،مقامی کالج میں مجھے سو فیصد سکالرشپ پر ایف ایس سی میں داخلہ ملا اورمیں نے ایف ایس سی میں 91 فیصد نمبر حاصل کیے۔ اب مجھے اعلی تعلیم کیلئے یونیورسٹی میں داخلے کی خاطر ایک اور سکالر شپ کاانتظار تھا۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ نے مجھے یہ سکالر شپ فراہم کیا اورمیں لمز میں تعلیم حاصل کررہا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام بھی زبردست ہے اورلیپ ٹاپ کے تحفہ نے میرے عزم کو اور ابھارا ہے۔ اب میں ایم آئی ٹی اورہاورڈ جیسی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کا عزم رکھتا ہوں اور مجھے امیدہے کہ میرا یہ خواب بھی پورا ہوگا۔علم دوست وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کے باعث غریب خاندانوں کے بچوں کو اعلی تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں جس پر وہ ان کے شکرگزار ہیںاورانہیں دعائیں دے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن