• news

وزیراعظم سیکرٹریٹ کی مسلسل مداخلت‘ ریاض پیرزادہ کی وزارت سے سبکدوش کرنے کی پیشکش

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے فرائض انجام نہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ اس موقع پر استعفیٰ نہ دینا نامناسب ہے لہٰذا مجھے وزارت کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا جائے۔ اپنے خط میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ کی قیادت میں کام کرنا میرے لئے ہمیشہ قابل فخر رہا اور یہ میری عزت میں اضافہ کا بھی باعث بنا مگر گزشتہ کچھ عرصے سے میری وزارت کے کاموں میں اعلیٰ حکام کی جانب سے غیرمعمولی مداخلت کے باعث وزارت کی کارکردگی متاثر ہوئی۔ اس حوالے سے میں نے آپ سے ملنے کی بارہا کوشش کی تاکہ میں آپ کو تمام معاملات سے آگاہ کر سکوں مگر آپ سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ یہ صورتحال میرے لئے نہ صرف پریشان کن تھی‘ آپ کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے وزارت کے معاملات میں بے جا مداخلت نے میرے ہاتھ باندھ دیئے تھے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کسی پرندے کے پر باندھ دیئے جائیں اور اسے اڑنے کو کہا جائے۔ اس صورتحال میں میرے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں باقی رہا کہ میں وفاقی وزیر کے منصب سے الگ ہو جائوں۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وزیراعظم کے نام اپنے خط کے آخر میں وزیراعظم کو یقین دلایا کہ بحیثیت ایک سیاسی کارکن میری وفاداریاں ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن