• news

پابندی کو نہیں مانتے،4 مئی کو ہر صورت مینار پاکستان پر احتجاجی کیمپ لگے گا: پیپلز پارٹی

لاہور(خبرنگار)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب نے 4مئی کو ہر صورت میں مینا رپاکستان پر احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کردیا۔ قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ دفعہ 144کو نہیں مانتے، کسی میں ہمت ہے توروک کر دکھائے۔ مسلم لیگ ن اب جندال لیگ بن چکی۔ 4سال تک شریف برادران کو برداشت کیا اب نہیں کریں گے۔ حاجی عزیز الرحمن اور ڈیرہ امجد جٹ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کشمیری جان کے نذرانے پیش کررہے ہیں اور نوازشریف بھوربن میں بیٹھ کر کشمیریوں کے خون کا سودا کررہے ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف قانونی اور اخلاقی طور پر نااہل ہو چکے ہیں۔ عدالتی فیصلہ ان کیخلاف آیا جبکہ ان کی تسلی کیلئے پورا فیصلہ بھی جلدآجائیگا۔قمرالزماں کائرہ نے کہا کہ پوری دنیامیں الزامات پر وزیراعظم مستعفی ہو جاتے ہیں اور یہاں عدالتی فیصلہ آنے کے بعد بھی نہیں ہوتے۔ وزیراعظم کیخلاف تحریک شروع کردی۔ دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت جاری ہے ہماری تحریک میں جو چاہے شامل ہوسکتا ہے۔ چار مئی کو سب لوگ اکٹھے ہوکر مینار پاکستان پر لوڈ شیڈنگ اور پانامہ معاملے پر احتجاج کیلئے آئیں گے اگر کسی نے کارکنوں کیساتھ بدسلوکی کی تو یاد رکھے ہمارا راستہ مارشل لاء والے بھی نہیں روک پائے تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ اسحاق ڈار بہت غریب ہیں اوران کی کفالت ان کے بچے کررہے ہیں، میاں صاحب کو ان کے بچے پال رہے ہیں ان کی اولادوں کے پاس اتنا پیسہ کہاں سے آیا جو پاکستان میں نہیں رکھا جاسکتا۔ ہمارے خلاف جتنا پراپیگنڈا آپ نے کرنا تھا آپ نے کرلیا لیکن ہم تو حقیقت حال کی بات کریں گے۔ ہم نے کسانوں کی حالت بدلی خود اناج خریدا تاکہ کسانوں کو ریلیف ملے لیکن موجودہ حکمرانوںکوخودکشیوں کومجبورکردیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ جو کام عدالتیں نہیںکرسکیں وہ جے آئی ٹی بھی نہیں کرسکے گی۔ اجتماعات سے خطاب میں سیکرٹری جنرل ندیم چن کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف جتنے اداروں اور لوگوں کو لگایا اگر ان کوکشمیر آزاد کرانے کا ٹاسک دیدیتے تو کشمیر آزاد ہوجانا تھا لیکن آپ نے ساری مشینری ہماری قیادت کی کردار کشی اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے پر لگائے رکھی۔ حاجی عزیز الرحمن چن نوید چوہدری، زاہد ذوالفقار، ڈاکٹر ضیاء اللہ بنگش سمیت دیگر رہنمائوںنے بھی خطاب کیا۔ کارکنوںنے بجلی خور چغل خور کے نعرے بھی لگائے۔

ای پیپر-دی نیشن