عدالتی نظام میں اصلاحات‘ وزیر داخلہ نے نیکٹا حکام کو ہدایت کر دی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک کے عدالتی نظام میں اصلاحات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی وزیر داخلہ چودھری نثار کی ہدایت پر نیکٹا نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کی مشاورت سے عدالتی نظام میں اصلاحات کے لئے سفارشات اور ان پر عمل درآمد کے لئے ٹائم فریم مرتب کرنے کا عمل مکمل کر لیا۔ عدالتی نظام میں اصلاحات سے متعلقہ سفارشات ترتیب دینے اورانکو عملی جامہ پہنانے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل کے تعین کرنے کا عمل مئی 2016سے شروع کیا گیا جس میں نہ صرف متعلقہ صوبائی حکومتوں اور محکموں کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا بلکہ قابل عمل تجاویز جلد از جلد مرتب دینے کی غرض سے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ ماہرین اور اداروں سے وابستہ افراد پر مشتمل مختلف گروپ بھی ترتیب دیے گئے۔ عدالتی نظام سے متعلقہ چاروں عناصر بشمول پولیس، استغاثہ، عدلیہ اور جیل خانہ جات میں قوانین، قواعد و ضوابط، انتظامی و پالیسی امور، ادارہ جاتی ریفارمز، مالی اصلاحات اور متعلقہ اداروں کی استعدادکار بڑھانے کی غرض سے مرتب کی جانے والی سفارشات چاروں صوبائی حکومتوں، آزادکشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں اور وفاق کی مشترکہ تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہیں۔ وزیرِ داخلہ کی نیکٹا کو عدالتی نظام میں اصلاحات سے متعلقہ سفارشات پر مقررہ کردہ ٹائم فریم میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور پر عملی اقدامات کی ہدایت کی۔