بدبخت نشئی بیٹے نے چچا اور کزن کیساتھ ملکر ماں کو قتل کر دیا
لاہور(نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقے میں نشے کے لئے پیسے نہ دینے پربدبخت بیٹے نے چچا اورکزن کے ساتھ مل کر ماں کوتشدد کے بعد چھریوں کے وار کرکے موت کے گھات اتار دیا اور فرار ہو گئے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ملک چوک کی رہائشی42 سالہ کوثر کا خاوند روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے۔کوثر اپنے7 بچوں جبکہ اس کا دیور شہزادپنی فیملی کے ہمراہ ایک ہی گھر میں رہائش پذیر تھے۔کوثر کا بیٹا توصیف نشے کا عادی ہے جبکہ اس کا دیور شہزاد اوراس کا ایک بیٹا اظہر بھی نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔ دو روز قبل کوثر کے خاوند نے گھریلواخراجات کے لئے اسے رقم بھیجی تھی۔گزشتہ روز توصیف نے پیسے مانگے مگر اس کی ماں نے پیسے دینے سے انکار کردیا جس پر توصیف نے اپنی ماں سے جھگڑا کیا۔ چچاشہزاد اور اس کے بیٹے اظہرنے بھی کوثر سے جھگڑا کیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد چھری سے پے درپے وارکرکے قتل کردیا۔ اطلاع ملنے پرپولیس اورفرانزک لیب ٹیم موقع پرپہنچ گئی۔ پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی امتیاز کے بیان پر درج کیا گیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔