صوبائی حکومتوں سے اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل کئے جائیں، متحدہ پاکستان کی سپریم کورٹ میں درخواست
اسلام آباد (صباح نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت سے اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کئے جائیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی، سندھ حکومت اختیارات اور وسائل بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کرے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا ہم نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے آئین کے آرٹیکل 144 اے کی روح کے مطابق اختیارات اور وسائل سندھ حکومت بلدیاتی اداروں اور میئر کو منتقل کیے جائیں۔ آرٹیکل (140 اے) پرعمل کیا جائے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کا نام نہاد بلدیاتی نظام بہت بڑا فراڈ ہے۔ میئر اور بلدیاتی ادارے نمائشی ہیں کیونکہ سارے وسائل اور اختیارات صوبے کے پاس ہیں۔ اختیارات صوبوں سے نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں جب کہ اختیارات کو گلیوں اور محلوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔