ایپکا کی پنجاب بھر میں ہڑتال‘ مظاہرے‘ پارلیمنٹ کے گھیرائو کا اعلان
لاہور + گوجرانوالہ (سپیشل رپورٹر + نمائندہ خصوصی) ایپکا پاکستان سنٹرل کمیٹی کے فیصلہ کی روشنی میں گزشتہ روز پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے زیرقیادت ضلعی صدور ڈی سی آفسز کے باہر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔ لاہور میں محکمہ سوائل فرٹیلٹی ایگریکلچر ‘ ٹھوکر نیاز بیگ میں احتجاجی جلسہ جلوس کی قیادت حاجی محمد ارشاد چودھری صدر ایپکا پنجاب‘ لالہ محمد اسلم صدر ایپکا لاہور ڈویژن‘ چودھری ابو ہریرہ‘ حاجی فضل داد گجر‘ تنویر اکرم بٹ‘ شاہ حسین‘ میاں محسن‘ سید وقاص احمد‘ میاں محمد ریاض‘ احمد اعوان‘ منیر احمد خان‘ یونس بھٹی‘ ذوالفقار بھٹی‘ وسیم احمد خان دیگر عہدیداران نے کی۔ جلوس میں لاہور کے تمام یونٹس کے ملازمین نے شرکت کی۔ شرکاء نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ایپکا کے مطالبات اور نعرے درج تھے۔ دریں اثنا ایپکا لاہور ڈویژن کے زیراہتمام ناصر باغ میں بنارس خان جدون‘ خالد جاوید سنگھڑیا کی زیرصدارت احتجاجی جلسہ کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی‘ صوبائی اور ڈویژنل قائدین اور ہزاروں ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ سید طاہر رضا شاہ‘ اورنگزیب کشمیری‘ دائود محمد انہڑ‘ داد محمد بلوچ‘ صدیق شاہ‘ نذر حسین کورائی‘ صفدر حسین‘ مختار احمد گجر‘ ایم ضیاء اللہ چودھری‘ اطہر نقوی‘ حسنین شاہ‘ مرزا صغیر احمد‘ خالد اعوان‘ فقیر حسین‘ چودھری منشائ‘ فرمائش سندھو‘ عامر بٹ و دیگر 70 سے زائد محکمہ جات کے صدور اور جنرل سیکرٹریز اپنے ساتھیوں کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی۔ مقررین نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل پوسٹوں (اکائونٹس کلرکس‘ لیبارٹری سٹاف‘ ڈرائیورز‘ ڈرافٹسمین‘ سب انجینئر‘ ٹریسر اور دیگر تمام) کو اپ گریڈ کیا جائے۔ گروپ انشورنس کی رقم ریٹائرمنٹ پر واپس دی جائے۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے 2400 اور دیگر کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ تمام ایڈہاک الائونسز بنیاد تنخواہ میں ضم کئے جائیں۔ ہائوس رینٹ موجودہ تنخواہوں کے تناسب سے دیا جائے اور تمام فریز الائونسز بحال کئے جائیں۔ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرح صوبہ بھر کے ملازمین کو یوٹیلٹی الائونس دیا جائے۔ اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو 18 مئی کو اسلام آباد پریس کلب میں بھرپور احتجاجی جلسہ کیا جائے گا اور پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کیا جائے گا جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام محکمہ جات میں گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ تمام دفاتر میں سرکاری کام ٹھپ رہے گا۔ ایپکا کے ضلعی عہدیداران نے مختلف محکموں میں جا کر ہڑتال کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل صدر ایپکا طاہر محمود بھٹی‘ میاں عبدالشکور‘ محمد ریاض گورائیہ‘ عبدالشکور مولوی محمد عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ ہم اپنے مطالبات کے پورے ہونے تک احتجاجی رکھا جائے گا۔