جے آئی ٹی کیلئے تمام اداروں کے نام مل گئے‘ قیام کیلئے ڈیڈ لائن آج ختم ہو جائے گی
اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کے قیام کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن آج (جمعہ) کوختم ہو جائے گی۔ ایف آئی اے، نیب، ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک اور انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے سپریم کورٹ کو جے آئی ٹی کیلئے نام بجھوا دیئے گئے ہیں۔ جے آئی ٹی آئندہ ہفتے قائم کی جائے گی۔ پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کے قیام کیلئے ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دی تھی جو آج (جمعہ) کو ختم ہو جائے گی۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں جے آئی ٹی کی سربراہی کیلئے ایف آئی اے کی طرف سے تین افسروں کے ناموں پر مشتمل پینل رجسٹرار سپریم کورٹ کو بجھوا دیا گیا ہے جبکہ نیب، ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک اور انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے بھی کمیٹی کی رکنیت کیلئے تین تین افسروں کے ناموں پر مشتمل پینل رجسٹرار سپریم کورٹ کو بجھوائے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پانامہ کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ جے آئی ٹی کے سربراہ اور ارکان کا تقرر کرے گا۔ بینچ کے ایک فاضل جج جسٹس اعجاز افضل بیرون ملک ہیں اس لئے جے آئی ٹی کے سربراہ اور ارکان کے ناموں کا اعلان آئندہ ہفتے ہوگا۔