• news

پاکستان عالمی برادری سے مل کر منصفانہ نظام قائم کرنے کیلئے کام کرتا رہے گا: سیکرٹری وزارت تعلیم

پیرس(صاحبزادہ عتیق سے) حکومت پاکستان عوام کی سماجی ترقی اور ان کو بااختیار بنانے کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور سماجی شعبے کی ترقی کیلئے ایک وسیع البنیاد پروگرام پر کام کر رہی ہے۔ یہ بات حسیب اطہر سیکرٹری وزارت تعلیم پاکستان نے فرانس میں یونیسکو ایگزیگٹیو بورڈ کے 201ویں اجلاس میں اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہی۔ اس سیشن کی صدارت سفیر برائے جرمنی مائیکل ووربز کر رہے تھے۔ ارینہ بوکووا، معین الحق سفیر پاکستان و مستقل مندوب برائے یونیسکو اوردیگر 18 ایگزیکٹیو بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔ حسیب اطہرنے کہا کہ پاکستان لڑکیوں کی تعلیم کو خاص اہمیت دے رہا ہے کیونکہ پاکستان جانتا ہے کہ ملک میں تعلیم ہی کے ذریعے امن و ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ حکومت پاکستان خواتین کے ہر شعبہ زندگی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی حمایت کرتی ہے۔ سیکرٹری تعلیم نے یونیسکو بورڈ کو یقین دلایا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دنیا میں منصفانہ نظام قائم کرنے اور باہمی رواداری اور بھائی چارے کی فضاکو فروع دینے کیلئے کام کرتا رہے گا تاکہ ہماری آنے والی نسلو ں کیلئے بہتر ماحول کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن