پاکستان سپر لیگ‘ چھٹی ٹیم کیلئے بولی، پانچ ناموں کا اعلان
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم خریدنے میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے بولی کا اعلان کردیا ہے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی اور صوبوں کی نمائندگی کی بنیاد پر بورڈ نے پانچ ریجنز کے ناموں کا اعلان کیا ہے اور ان میں سے ایک کو پی ایس ایل فرنچائز کا درجہ دیا جائے گا۔ان پانچ ریجنز میں فیصل آباد، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، فاٹا اور ملتان کے نام شامل ہیں۔ صرف تکنیکی بنیادوں پر اہلیت پر پورا اترنے والی بولی کنندگان کو اس عمل میں شرکت کی اجازت ہو گی۔پی سی بی میں چھٹی ٹیم میں اضافے کی تجویز مئی 2016 میں پیش کی گئی تھی لیکن پی سی بی اور پانچوں فرنچائز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے سبب اس کو عملی جامع نہ پہنایا جا سکا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل نے توقعات سے بڑھ کر کامیابی حاصل کی۔بولی کے عمل کا آغاز 30 مئی 2017 کو لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہو گا۔