عمر،جنید لڑائی،تحقیقاتی کمیٹی نے فاسٹ باولر کو بے قصور قرار دیدیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان کپ میں عمر اکمل اور جنید خان کی لڑائی کی گونج پی سی بی کے ایوان میں بھی سنائی دی،تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے پنجاب ٹیم کے کپتان عمر اکمل کو قصوروار قرار دے دیا،ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی عمر اکمل سے ناراض ہو گئے،بلے باز کی چیمپئنز ٹرافی کی 15 رکنی ٹیم سے چھٹی ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے پاکستان کپ میں عمر اکمل اور جنید خان کی لڑائی ہوئی تھی جس کے بعد عمر اکمل نے جنید خان پر ٹیم چھوڑ کر غائب ہونے کا الزام لگایا،جواب میں جنید خان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل جھوٹے ہیں، طبعیت کی خرابی پر ٹیم ڈاکٹر اور منیجمنٹ کو بتا کر گیا تھا۔ عمر اکمل پاکستان کپ میں پنجاب ٹیم کے کپتان ہیں اور ان کی ٹیم خراب کارکردگی کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔