امریکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرے: اعزاز چوہدری
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے امریکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرے جو اس نے پہلے نہیں کیا۔ ہارورڈ کینیڈی سکول میں خطاب کرتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہنا تھا دہشت گردی تمام انسانیت کی مشترکہ دشمن ہے۔ امریکہ خطے میں قیام امن کیلئے پہلے سے بہتر کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہے۔انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات وسیع البنیاد ہیں، کسی کو بھی یہ تاریخی تعلقات کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاری موثر اور اقتصادی مسائل کو حل کرنے کے لئے بہترین فورم ہے اور پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی مفاد کے تعلقات کے لئے پرعزم ہے۔اعزاز چوہدری نے کہا پاکستان نے پوری انسانیت کے مشترکہ دشمن یعنی ہر طرح کی دہشت گردی کو شکست دینے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے حوالے سے کہا بھارت نے سفارتکاری کی بجائے مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ظالمانہ طاقت کا راستہ اختیار کر رکھا ہے، امریکا جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرے جو اس سے پہلے ادا نہیں کیا۔