• news

افغانستان: فورسز کی کارروائی‘ داعش کے 45 دہشت گرد ہلاک‘ بم دھماکہ میں 15 شہری زخمی

کابل (اے پی پی) مشرقی افغانستان میں افغان فورسز نے داعش کے 45 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ننگرہار میں بائیسکل پرنصب بم کے دھماکے میں 15شہری زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہار کے ضلع بٹی کوٹ میں بائیسکل پرنصب بم کے دھماکے میں 15شہری زخمی ہوگئے۔دھماکہ حافظ کڈئی کے قریب ہوا۔آخری اطلاعات تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی زمہ داری قبول نہیں کی ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہار کے ضلع آچین اور ضلع حسکامنیٰ میں شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف فورسز نے زمینی اورفضائی حملے کئے ان کارروائیوں میں داعش کے 45 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ افغان فورسز نے وسطی صوبہ میدان وردگ میں ایک کارروائی میں طالبان کے اہم سہولت کارملا حبیب اللہ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ ملا حبیب اللہ علاقہ میں خودکش حملوں کی نگرانی پر مامور تھا۔ دریں اثنا افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں رواں سال کے ابتدائی تین مہینوں میں تشدد کے واقعات میں 715شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 1466 زخمی ہوئے۔ یہ بات افغانستان میں اقوام متحدہ مشن کی طرف سے جاری اعدادوشمار میں کہی گئی۔ یہ شرٖح گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن