• news

جلسیاں کرنے والو جاﺅ کرکٹ کھیلو‘ سیاست‘ ملک چلانا تمہارے بس کی بات نہیں : نوازشریف

رینالہ خورد+ اوکاڑہ+ شیرگڑھ+ اختر آباد (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم لوڈشیڈنگ ختم کریں گے اور بجلی سستی بھی کریں گے‘ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے‘ استعفیٰ مانگنے والو جلسیاں کرنے والوں سے کہتا ہوں جاﺅ جا کر کرکٹ کھیلو، سیاست کرنا اور ملک چلانا تمہارے بس کی بات نہیں، اب تو یہ کرکٹ بھی نہیں کھیل سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ سٹیڈیم میں بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرکاءجلسہ کے جوش و جذبہ کو دیکھ کر میاں نوازشریف نے بھی پُرجوش انداز سے خطاب کیا۔ قبل ازیں نعمت فیملی کے سیاسی امور کے سربراہ چودھری ارشد اقبال، ایم این ایز ، ایم پی ایز اور دیگر نے میاں نوازشریف کا استقبال کیا۔ میاں نوازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جو لوگ لوڈشیڈنگ پر احتجاج کر رہے ہیں وہ خود ہی اسکے ذمہ دار ہیں‘ عوام ان سے سوال کریںکہ انہوں نے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کیلئے کیا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بجلی کے کارخانے مکمل ہو رہے ہیں اور ہر ماہ ایک کارخانہ اپنی پیداوار شروع کررہا ہے جس سے 2018ءمیں لوڈشیڈنگ ختم ہوجائیگی اور پھر بجلی آئیگی تو کبھی بھی بجلی نہیں جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم سڑکیں بناتے اور وہ سڑکیں ناپتے رہیں گے‘ مخالفین احتجاج کر رہے ہیں اور ہم خدمت کر رہے ہیں، جو انکا نصیب ہے وہ کر رہے ہیں جو ہمار ا نصیب ہے وہ ہم کررہے ہیں‘ اپوزیشن ٹانگیں کھینچ رہی ہے، ہم ترقی کیلئے کوشاں ہیں جس کے نتیجہ میں ہم 2018ءمیں بھی آئیں گے اور یہ فارغ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ ہر بات پر استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ نواز شریف انکے کہنے پر استعفیٰ دیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کرنا انکے بس کی بات نہیں ہے یہ بس کرکٹ کھیلیں ہم خدمت کرتے رہیں گے، ہم نے کرکٹ بھی کھیلی ہے اور عوام کی خدمت بھی کی ہے اب تو ان سے کرکٹ بھی نہیں کھیلی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کام کیا اللہ کے فضل سے اس پر پورا قابو پالیا جائیگا۔ کراچی کے حالات کا سب کو علم ہے اب وہاں پر امن واپس آرہا ہے۔ انہوں نے دیپالپور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیدواروں نے وہاں پر بڑے بڑے برج اُلٹا دئے ہیں، آئندہ انتخابات میں بھی انکو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ دیپالپور کاخصوصی دورہ کروں گا اور یہاں پر بڑے بڑے پراجیکٹس کا اعلان کروں گا۔ انہوں نے یہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے جوش سے متاثر ہو کر کہا کہ اوکاڑہ پاکستان کا دل ہے‘ میں 2013ءمیں آیا تھا تو یہاں کے عوام کا جذبہ بھرپور تھا آج بھی مجھے وہی یاد دلا دی گئی ہے، میں مخالفین سے کہتا ہوں وہ آئیں دیکھیں جلسہ کسے کہتے ہیں تم لوگ جلسیاں کرتے ہوں اب یہ جلسیاں بھی نہ کر سکو گے۔ اس موقع پر میاں نوازشریف نے موٹر وے سے اوکاڑہ کو لنک کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ موٹر وے اوکاڑہ سے گذرے گی۔ انہوں نے سوئی گیس کے منصوبوں کیلئے 47کروڑ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت کلئے 20کروڑ ، دیپالپور چوک اوور ہیڈبرج کےلئے 74کروڑ، ہسپتال کو 500 بستر تک اَپ گریڈ اور انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کا اعلان کیا۔ نوازشریف نے کہاکہ موٹر وے ہم بنا رہے ہیں، لوڈشیڈنگ ہم ختم کررہے ہیں، ہماری حکومت آئی ہے، لاہور سے ملتان موٹر وے شروع ہوئی ہے، یہ موٹر وے ملتان سے سکھر جائیگی، سکھر سے حیدر آباد بننا شروع ہوجائیگی، حیدر آباد سے کراچی تک چند ماہ میں مکمل ہو جائیگی، یہ چھ رویہ موٹر وے ہے جس پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے شیرگڑھ میں گندم کٹائی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ دھرنا پروگرام نے ملک کا بہت نقصان کیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ جس سے دوستی ہے وہ زندگی بھر کا دوست ہوتا ہے‘ ابھی تو ابتدا ہے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کام پکا کرنا چاہئے۔
نوازشریف

ای پیپر-دی نیشن