فوج نے درست سٹینڈ لیا‘ میڈیا کو احتیاط کرنی چاہئے: عوامی حلقے
لاہور (شہزادہ خالد) نیوز لیکس کے حوالے سے حکومتی رپورٹ کو فوج کی جانب سے مسترد کئے جانے پر عوامی حلقوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت کے سروے کے مطابق شہری جمشید احسان نے کہا کہ جس طرح فوج نے اس معاملے پر مو¿قف لیا ہے‘ اسی طرح فوج کو تمام ملکی اور عوام مفادات کے معاملے پر سٹینڈ لینا چاہئے۔ خرم شہزاد بخاری نے کہا کہ حساس اور قومی مفادات کے معاملے پر میڈیا کو احتیاط کرنی چاہئے اور نیوز لیکس کے ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو قومی سلامتی کے معاملے پر غلطی کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رپورٹ میں طارق فاطمی اور راﺅ تحسین کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ شمع اقبال نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ نیوز لیکس میں جو بھی ملوث ہو‘ اسے سزا ملنی چاہئے۔ میرٹ پر انکوائری کی جائے۔ فوج نے سٹینڈ لیا ہے‘ وہ ٹھیک ہے۔ حساس معاملہ میں میڈیا کو جلدبازی نہیں کرنا چاہئے۔ صابر خان نے کہا کہ ملکی سلامتی کے حوالے سے میڈیا میں شعور پیدا کرنے والے پروگرام پیش کئے جانے چاہئیں۔ میڈیا پرسن کی تربیت کی جائے تاکہ وہ ٹی وی پر بولنے سے پہلے سوچیں کہ اس کا معاشرے اور ملک و قوم پر کیا اثر پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا بھی اپنے فرائض سرانجام دے تاکہ اس طرح کے معاملات پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا مو¿قف درست ہے۔
عوامی حلقے/ ردعمل