• news

::وزیراعظم کے پی ٹی آئی خواتین سے متعلق ریمارکس‘ اپوزیشن کی شدید تنقید

اوکاڑہ+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں+اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز اوکاڑہ کے جلسے میں جہاں ان سے استعفیٰ طلب کرنے والے اپوزیشن قائدین کے بارے میں سخت الفاظ استعمال کئے وہیں انہوں نے مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے جلسوں میں شریک ہونے والی خواتین کا موازنہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے قائدین کو یہ باور کرایا کہ دیکھیں ہمارے جلسوں میں شریک خواتین کتنی شائستگی کا مظاہرہ کرتی ہیں اور آپ کے جلسوں میں شریک ہونے والی خواتین جس رنگ اور ترنگ کا مظاہرہ کرتی ہیں وہ نرالا ہے۔ میاں نوازشریف نے اوکاڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران خواتین کا ذکر کرتے ہوئے کہا آپ لوگوں نے رات کو کل کا اسلام آباد میں بیٹیوں کو جلسہ میں دیکھا ہو گا اور ایک یہاں ہماری مائیں اور بیٹیاں ہیں جو ایک طرف بیٹھی ہیں وہ بھی ہماری بیٹیاں ہیں اور یہ بھی ہماری بیٹیاں ہیں۔ وزیراعظم کے بیان سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان ڈاکٹر شیریں مزاری نے وزیراعظم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف خواتین تضحیک خاموش نہیں رہے گی نوازشریف یاد رکھیں مسلم لیگ ن میں بھی خواتین ہیں۔ شیریں مزاری نے کہا کہ صرف اس بناءپر خواتین سے متعلق بات کرنا شرمناک ہے کہ وہ ان کی مخالف ہیں‘ اوکاڑہ میں نوازشریف نے ن لیگ کی چند خواتین کو کہا کہ آپ ان سے مختلف ہیں‘ خواجہ آصف سے لے کر نوازشریف تک سب کی سوچ عجیب ہے‘ نوازشریف کے خاندان کی خواتین بھی سیاست میں ہیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ دوسری خواتین کو گھر بیٹھنے کا مشورہ دینے سے پہلے وزیراعظم نوازشریف اپنی بیٹی مریم نواز کو گھر بٹھائیں۔ نوازشریف صاحب جب آپ جیل میں تھے تو آپ کے مرد ساتھیوں سے زیادہ کلثوم نواز نے تحریک چلائی تھی۔ مریم نواز کو بھی سیاست سے روکیں پھر بات کریں۔ وزیراعظم گھر جائیں پتہ چلے گا کلثوم نواز ان کے ساتھ کیا کریں گی۔ پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے وزیراعظم کے بیان کی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ ایک وزیراعظم خواتین سے متعلق اس قسم کی بات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ شرمناک بات ہے کہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے خواتین کو نشانہ بنایا جائے۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو یاد رہنا چاہئے کہ محترمہ فاطمہ جناح‘ بیگم رعنا لیاقت علی‘ نصرت بھٹو اور بے نظیر بھٹو بھی خواتین ہی تھیں اور انہوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
خواتین ردعمل

ای پیپر-دی نیشن