غداری کیس: مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت جمع
اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان/ نمائندہ نوائے وقت)وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جائیدادوں اور دیگر اثاثو ں کی تفصیلات سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے کیلئے قائم خصوصی عدالت میں جمع کرادی ہیں جبکہ وکیل استغاثہ اکرم شیخ کی طرف سے معروضات بھی جمع کرادی ہیں ،وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے کراچی کینٹ اور کراچی ڈی ایچ اے میں پلاٹ ہیں،جبکہ ڈی ایچ اے اسلام آباداور چک شہزاد اسلام آبادمیں ایک فارم ہائوس ہے جبکہ گوادر میں بھی پلاٹ ہے۔وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف نے بہاولپور کی زرعی زمین فروخت کر دی ہے تاہم ان کی بیرون ملک دو جائیدادیں بھی موجود ہیں۔2 لینڈ کروزر اور ایک کرولا گاڑی بھی ان کی ملکیت ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق پرویز مشرف کے نجی اور مشترکہ آٹھ بنک اکاونٹس ہیں۔ ان اکاونٹس میں نوے لاکھ پاکستانی اور بیس لاکھ ڈالر ز موجود ہیں وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بنک کے مطابق پرویز مشرف کے نجی و مشترکہ 9اکاونٹس ہیں جن میں ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد رقم اور پچپن ہزار سے زائد ڈالرز موجود ہیں۔وکیل استغاثہ کی جانب سے عدالت میںجمع کرائی گئی معروضات میں کہاگیا ہے کہ ملزم بغیر اجازت بیرون چلا گیا جس کے بعد خصوصی عدالت ملزم کو مفرور اور،اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ خصوصی عدالت سنگین غداری کیس کی سماعت 5 مئی کو کرے گی ،اس موقع پر عدالت ملزم پرویز مشرف کی اہلیہ اور بیٹی کی جانب سے جائیداد ضبطگی کے حکم کیخلاف دائر درخواستوں کا جائزہ لے گی۔